خیبرپختونخوا اور جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا


خیبرپختونخوا، راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے جب کہ کئی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی، سڑکوں پر پانی جمع ہونے اور نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، ضلع شانگلہ کے میدانی اور بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث میدانی علاقوں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ بالائی علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں کمی آنے سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔
ایبٹ آباد شہر میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، بارش کے باعث مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا اور کئی مقامات پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ ہری پور سمیت تحصیل غازی اور خان پور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارش کے باعث ہری پور میں جی ٹی روڈ کئی مقامات پر دریا کا منظر پیش کرنے لگا جب کہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہری پور اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ آئندہ دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادھر سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں شدید بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ موسلا دھار بارش کے نتیجے میں شہر کی متعدد سڑکیں زیر آب آگئیں جب کہ مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
خیبرپختونخوا کے شمالی علاقوں میں بھی آسمان پر گہرے بادل چھائے رہے اور مختلف مقامات پر بارش کا سلسلہ جاری رہا، جس سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا۔
دوسری جانب راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش کے بعد جڑواں شہروں میں گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا جب کہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید دلفریب بنا دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ کل تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ 20 جون تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles