عید الاضحیٰ: پنجاب اور سندھ کے صارفین کیلئے گیس کب سے کب تک دستیاب ہوگی؟


ملک بھر میں عیدالاضحٰی کے موقع پر گھریلو صارفین کے لیے گیس فراہمی کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے تاکہ شہری قربانی کے ایام میں کھانا پکانے اور دیگر ضروریات کے لیے سہولت حاصل کر سکیں۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی (ایس این جی سی) کی جانب سے جاری نئے شیڈول کے مطابق پنجاب میں عید کے تینوں روز صارفین کو 18 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق عید قربان کے پہلے روز پنجاب بھر میں صبح 5 بجے سے لے کر رات 11 بجے تک گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جائے گی جب کہ عید کے دوسرے اور تیسرے روز گیس کی فراہمی صبح 6 بجے سے لے کر رات 11 بجے تک جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ چاند رات پر رات 12 بجے تک پریشر کے ساتھ گیس فراہم کی جائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ نیا شیڈول کل سے نافذ العمل ہو جائے گا، جس کا مقصد عید کے دنوں میں صارفین کو سہولت فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب عید قربان کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے بھی گھریلو صارفین کے لیے گیس شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ 

ایس ایس جی سی کے مطابق منگل کے روز چاند رات کو گیس کی سپلائی رات 12 بجے تک دستیاب رہے گی، عید کے 2 دن گیس کی سپلائی صبح 7:30 بجے سے رات 12:00 بجے تک ہوگی۔
ترجمان کے مطابق عید کے تیسرے روز گیس رات 10:00 بجے تک دستیاب رہے گی جب کہ ہفتے سے گیس کی سپلائی پرانے شیڈول کے مطابق جاری رہے گی۔
سوئی سدرن نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ گیس کے استعمال میں احتیاط برتیں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں تاکہ بلاتعطل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles