شان شاہد اور میرا کی نئی فلم ’سائیکو‘ کا دھماکہ خیز ٹیزر جاری

شان شاہد اور میرا کی نئی فلم ’سائیکو‘ کا دھماکہ خیز ٹیزر جاری

اچھے فنکار خود کو نئے چیلنجز دیتے ہیں، اداکار

ہدایتکار و اداکار شان شاہد اور اداکارہ میرا کی آنے والی فلم سائیکو کا دھماکہ خیز ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے جب کہ فلم عیدالاضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم سائیکو کی تقریبِ رونمائی کراچی میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی کاسٹ میں شامل شان شاہد، میرا، صنم حسین اور شبیر جان سمیت دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔

اس دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان شاہد نے کہا کہ کراچی میں آنے پر ہمیشہ یہ احساس ہوتا ہے کہ یہاں تخلیقی سرگرمیوں کا ایک نیا سلسلہ جاری ہے۔ یہ شہر فلم، ڈرامہ اور ادب کے حوالے سے ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے اور ملک بھر سے فنکار یہاں کام کے لیے آتے ہیں۔

فلم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک فنکار جب ارتقائی مرحلے سے گزرتا ہے تو وہ اپنے کام میں نئے تجربات کرنا چاہتا ہے، وہ روایتی رومانوی فلم بھی بنا سکتے تھے لیکن اچھے فنکار خود کو نئے چیلنجز دیتے ہیں اور اسکرین ایک وسیع میڈیم ہے جس میں بے شمار امکانات موجود ہیں۔

انہوں نے فلم کے پروڈیوسر سلمان بٹ، کاسٹ اور پوری ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

دوسری جانب اداکارہ میرا نے بھی شان شاہد کی ہدایتکاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک جذباتی اور خوشی کا موقع ہے۔ یہ فلم ایک خواب کی تعبیر ہے جو اب حقیقت کا روپ دھار چکی ہے اور یہ منصوبہ مکمل طور پر شان شاہد کا وژن ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles