یہ پاکستانی فلم ہے یا بالی ووڈ؟ فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کے رومانوی سینز پر تنقید
فلم ’زومبیڈ‘ کے رومانوی گانے نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات ایک طویل وقفے کے بعد دوبارہ ایک ساتھ اسکرین پر نظر آنے جا رہے ہیں جب کہ ان کی نئی فلم نے ریلیز سے قبل ہی مداحوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
دونوں فنکار آٹھ برس بعد ہارر کامیڈی فلم ’زومبیڈ‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے جو عیدالاضحیٰ کے موقع پر سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
فلم کی کاسٹ اس وقت بھرپور پروموشن میں مصروف ہے اور مداح بھی اس جوڑی کی واپسی پر خاصے پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔
حال ہی میں فلم کا رومانوی گانا ’زرا زرا‘ جاری کیا گیا جسے گلوکار ثمر جعفری نے آواز دی ہے۔ گانے میں فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کے رومانوی مناظر نے فلم کی کہانی اور دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری کو مزید نمایاں کردیا ہے۔
پروموشنل تقریبات کے دوران دونوں اداکاروں نے بھی اعتراف کیا کہ زومبیڈ ان کے کیریئر کا سب سے زیادہ رومانوی مشترکہ پراجیکٹ ہے جس کے بعد فلم کے حوالے سے مداحوں کا تجسس مزید بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر گانے اور رومانوی مناظر پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض صارفین نے ان مناظر کو ضرورت سے زیادہ رومانوی قرار دیتے ہوئے تنقید کی جب کہ کئی مداحوں نے اسے فلمی کہانی کا اہم حصہ قرار دے کر حمایت بھی کی۔
کچھ صارفین نے پاکستانی فلموں اور ڈراموں میں پیش کیے جانے والے مواد کے معیار پر سوالات اٹھائے جب کہ دیگر نے اسے بالی ووڈ سے متاثر انداز قرار دیا تاہم کئی مداحوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی سینما میں نئے تجربات اور عالمی رجحانات کی عکاسی مثبت پیش رفت ہے۔
فلم زومبیڈ کی ریلیز سے قبل ہی فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی جوڑی ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن چکی ہے جبکہ شائقین فلم کی نمائش کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔