اسرائیل نے غزہ کے لیے امداد لے جانی والی ایک اور کشتی کو روک لیا

اسرائیلی فورسز نے غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کی ایک اور امدادی کشتی کو روک لیا ہے۔ فلوٹیلا کے مطابق کشتی کو غزہ سے تقریباً 150 کلومیٹر دور سمندر میں تحویل میں لیا گیا۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق گلوبل صمود فلوٹیلا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز نے ’اینڈروس‘ نامی امدادی کشتی کو اس وقت روکا جب وہ غزہ کی جانب پیش قدمی کر رہی تھی۔

فلوٹیلا کی ویب سائٹ پر موجود ٹریکر کے مطابق کشتی غزہ سے تقریباً 82 ناٹیکل میل، یعنی لگ بھگ 150 کلومیٹر کے فاصلے پر تھی جب اسرائیلی اہلکاروں نے کارروائی کی۔

فلوٹیلا کی جانب سے نشر کی جانے والی لائیو اسٹریمنگ میں دیکھا گیا کہ اسرائیلی فورسز ایک چھوٹی کشتی کے ذریعے ’اینڈروس‘ کے قریب پہنچیں جب کہ کشتی پر موجود کارکنوں نے ہاتھ بلند کر رکھے تھے۔ کچھ دیر بعد نشریات اچانک بند ہوگئیں اور اسکرین پر پیغام ظاہر ہوا کہ کشتی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

گلوبل صمود فلوٹیلا کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک اسرائیلی فورسز 61 امدادی کشتیوں کو روک چکی ہیں جب کہ مزید 9 کشتیاں تاحال غزہ کی جانب سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

فلوٹیلا میں شامل کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد غزہ تک انسانی امداد پہنچانا اور علاقے میں جاری انسانی بحران کی جانب عالمی توجہ مبذول کرانا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے اس تازہ کارروائی پر فوری طور پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ غزہ کی پٹی کئی برسوں سے اسرائیلی ناکا بندی کا سامنا کر رہی ہے۔ مختلف بین الاقوامی تنظیمیں اور کارکن وقتاً فوقتاً امدادی کشتیوں کے ذریعے غزہ پہنچنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، تاہم اسرائیل اکثر سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ایسی کشتیوں کو روک دیتا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles