
پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں 24 جون تک توسیع کردی ہے اور اس حوالے سے نیا نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔
پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں مزید توسیع کردی ہے اور اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے نیا نوٹم جاری کردیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کی پابندی بدستور برقرار رہے گی۔
نوٹم میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق بھارتی سول اور فوجی دونوں طیاروں پر ہوگا جب کہ بھارتی ائیر لائنز بھی پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکیں گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق بھارتی طیاروں پر پابندی میں توسیع 19 مئی صبح 10 بج کر 40 منٹ سے نافذ العمل ہوچکی ہے۔ نوٹم کے مطابق یہ پابندی 24 جون صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران کوئی بھی بھارتی رجسٹرڈ یا آپریٹڈ پرواز پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوسکے گی۔
خیال رہے کہ بھارتی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی گزشتہ برس عائد کی گئی تھی۔