
کراچی میں ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کررہے ہیں۔
ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جاری ہے، کراچی میں میٹ آفس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کر رہے ہیں۔ اجلاس میں مرکزی و زونل رویت ہلال کمیٹی کےارکان، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے ماہرین بھی شریک ہیں۔
اس کے علاوہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہو رہے ہیں، زونل کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں طلب کیے گئے ہیں۔
ترجمان سپارکو کے مطابق صاف موسم اور بہتر حدِ نگاہ کی صورت میں چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، آج شام چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ متوقع ہے۔
آج ذی الحج کا چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالاضحیٰ بروز بدھ 27 مئی کو ہوگی اور اگر چاند نظر نہیں آیا تو عیدالاضحیٰ 28 مئی بروز جمعرات منائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں مولاعبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ذی الحج کا چاند نظرآنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، زونل کمیٹیوں سے رابطے میں ہیں، چاند سے متعلق ابھی تک شہادتیں موصول نہیں ہوئیں، چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہونے پر عید سے متعلق اعلان کریں گے، چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ ہیں، اللہ نے چاہا تو ذوالحج کے چاند کا اعلان کردیں گے۔
چاند نظر آنے کی تصدیق
دوسری جانب دو اسلامی ممالک تیونس اور ترکیہ میں اسلامی مہینے ذوالحج کے چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی ہے، جس کے بعد دونوں ممالک نے عید الاضحیٰ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔
تیونس ذوالحج کے آغاز کا اعلان کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے، ملک میں ہفتہ 16 مئی کو ذوالقعدہ کی 29 تاریخ قرار دی گئی اور چاند نظر آنے کی تصدیق کے بعد یکم ذوالحج پیر 18 مئی کو مقرر کی گئی ہے۔
ترکیہ نے بھی پیر 18 مئی کو یکم ذوالحج قرار دیا ہے جب کہ ترکیہ میں روایتی رویت ہلال کے بجائے فلکیاتی حسابات پر مبنی پیشگی تیار کردہ اسلامی کیلنڈر پر عمل کیا جاتا ہے، جس کی بنیاد پر یہ تاریخ طے کی گئی۔ دونوں ممالک میں عید الاضحیٰ بدھ 27 مئی کو منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اسی طرح انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی ذوالحج کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد دونوں ملکوں میں عید الاضحیٰ 27 مئی کو منائی جائے گی۔
شہریوں سے چاند دیکھنے کی اپیل
دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان سمیت بیشتر اسلامی ممالک میں اتوار 17 مئی کی شام ذوالحج کا چاند دیکھنے کی تیاریاں جاری ہیں، ان ممالک میں چاند کی رویت کے بعد عید الاضحیٰ کی حتمی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔
سعودی سپریم کورٹ نے بھی شہریوں سے 30 ذی القعدہ کی شام کو ذی الحج کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔ سعودی سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کو ذی الحج کا چاند نظر آئے تو گواہی ریکارڈ کروائے۔
چاند نظر آنے کی صورت میں یکم ذوالحج 18 مئی بروز پیر ہونے کا امکان ہے جب کہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 26 مئی اور عیدالاضحی 27 مئی کو ہونے کی توقع ہے۔