
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایک تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وہ چینی صدر شی جن پ کی نوٹس بک دیکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شی جن پنگ اپنی نشست سے اٹھ کر پوڈیم کی طرف جاتے ہیں، اس دوران ٹرمپ اپنی نشست پر موجود ایک نوٹ بک کی طرف دیکھتے ہیں۔
اس مختصر لمحے کو سوشل میڈیا صارفین نے مختلف انداز میں پیش کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ امریکی صدر مبینہ طور پر چینی صدر کے خفیہ نوٹس دیکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔
تاہم امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ویڈیو تجزیاتی رپورٹ کے مطابق یہ دعویٰ درست نہیں ہے۔ سی این این کے مطابق جس نوٹ بک کو ویڈیو میں دیکھا گیا اس پر امریکی صدارتی مہر موجود تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ غالباً ٹرمپ کی اپنی تقریر کی فائل یا ترجمہ شدہ اسپیچ نوٹس تھے۔
View this post on Instagram
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بعد میں فوٹیج میں ٹرمپ کو وہی فائل لے کر اسٹیج کی جانب جاتے اور اپنی تقریر اسی میں سے پڑھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
سی این این کی وضاحت کے باوجود یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے اور صارفین مختلف آراء اور قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے تعلقات عالمی سطح پر مسلسل توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں اور دونوں رہنماؤں کی ہر عوامی ملاقات کو باریک بینی سے دیکھا جاتا ہے۔