
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) کے مالک اوردنیا کی امیر ترین کاروباری شخصیت ایلون مسک اپنے عجیب و غریب بیانات کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں۔ اب انہوں نے انسٹاگرام کو “لڑکیوں کا پلیٹ فارم” قرار دے کر سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی ہے۔
یہ سارا معاملہ اس وقت شروع ہوا جب انٹرنیٹ پر لوگ مذاق میں ایک دوسرے سے پوچھ رہے تھے کہ وہ اپنی زندگی کے مختلف حصوں میں سوشل میڈیا کا استعمال کس طرح کرتے ہیں اور اپنی روزمرہ کی تصاویر یا کہانیاں شیئر کرتے ہیں۔
ایلون مسک بھی اس گفتگو میں شامل ہو گئے اور انہوں نے ایک چھوٹا سا تبصرہ کیا کہ انسٹاگرام لڑکیوں کے لیے ہے۔
جب لوگوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا تو انہوں نے اپنی بات کو مزید واضح کرنے کے لیے ایک اور پوسٹ کر دی۔
اس دوسری پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ بعض اوقات بڑے مرد مجھے اپنے انسٹاگرام پروفائلز بھیجتے ہیں تو میں سوچتا ہوں کہ کیا آپ لڑکے سے لڑکی بن رہے ہیں؟
ایلون مسک کے اس بیان پر بہت سے لوگ ناراض بھی ہو رہے ہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ انسٹاگرام پر شیئر ہونے والی چیزیں غیر سنجیدہ ہوتی ہیں اور مردوں کو یہ زیب نہیں دیتا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایلون مسک اکثر ایسی باتیں صرف اس لیے کرتے ہیں تاکہ لوگ انٹرنیٹ پر ان کے بارے میں بحث کریں۔
اس سب کے پیچھے ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ اپنی کمپنی ایکس کو دوسری کمپنیوں سے بہتر دکھانا چاہتے ہیں۔ اس طنز و مزاح کے پیچھے ان کا اصل مقصد اپنے پلیٹ فارم ایکس کی تشہیر کرنا اور حریف کمپنیوں کو نیچا دکھانا معلوم ہوتا ہے۔
انسٹاگرام اور فیس بک کے مالک مارک زکربرگ کے ساتھ ان کی پرانی دشمنی ہے۔ اسی لیے ایلون مسک نے ایک اور پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ صرف ایکس ہی ایک سچا اور کھلاپلیٹ فارم ہے، جبکہ باقی سوشل میڈیا کمپنیاں بند دروازوں کے پیچھے دھوکہ دہی کرتی ہیں۔
انہوں نے صارفین کو ایکس پر شفٹ ہونے کا مشورہ بھی دیا تاکہ ”آڈیو اور ویڈیو کالز زیادہ محفوظ“ ہوں۔
اس سے پہلے وہ واٹس ایپ کے بارے میں بھی کہہ چکے ہیں کہ واٹس ایپ پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا اور لوگوں کو کال کرنے کے لیے ایکس کا استعمال کرنا چاہیے۔
ان کے اس نئے بیان نے انٹرنیٹ پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کچھ لوگ مسک کے بیانات کو صرف مذاق یا بحث کے لیے سمجھتے ہیں، جبکہ دوسروں کا کہنا ہے کہ یہ ان کے جنس اور سوشل میڈیا کلچر کے بارے میں متنازع نظریات کو ظاہر کرتے ہیں۔