فہد مصطفیٰ کو شارٹس پہن کر انٹرویو دینا مہنگا پڑگیا، شدید تنقید
فہد مصطفیٰ نے اداکارہ مہوش حیات کے ہمراہ ایک انٹرویو میں شرکت کی تھی۔
فہد مصطفیٰ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تنقید کا مرکز بن گئے ہیں۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ان کے لباس کے انتخاب پر صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فہد مصطفیٰ نے اداکارہ مہوش حیات کے ہمراہ ایک انٹرویو میں شرکت کی، جہاں وہ گھٹنوں تک شارٹس اور شرٹ میں نظر آئے جبک ہ مہوش حیات سرخ لباس میں موجود تھیں۔
انٹرویو میں دونوں فنکار اپنی نئی فلموں اور منصوبوں پر گفتگو کر رہے تھے تاہم سوشل میڈیا صارفین کی توجہ فہد مصطفیٰ کے لباس پر مرکوز رہی۔
سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے اداکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ساتھ بیٹھتے وقت لباس کا ایک مناسب انداز ہونا چاہیے۔

بعض صارفین نے لکھا کہ ہر موقع کے مطابق لباس کا انتخاب ضروری ہوتا ہے اور یہ انداز کسی کھیل کے میدان کے لیے تو مناسب ہوسکتا ہے مگر انٹرویو کے لیے نہیں۔


دوسری جانب فہد مصطفیٰ نے انٹرویو کے دوران ہی اس ممکنہ تنقید کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم ہے لوگ ان کے شارٹس پہننے پر بات کریں گے لیکن وہ اس کی پروا نہیں کرتے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ وہ زمانۂ طالب علمی سے شارٹس پہنتے آرہے ہیں اور آئندہ بھی اسی انداز کو برقرار رکھیں گے۔
واضح رہے کہ فہد مصطفیٰ کی حالیہ فلم ’’آگ لگے بستی میں‘‘ عیدالفطر پر کامیاب کاروبار کرنے میں کامیاب رہی تھی جب کہ وہ جلد مہوش حیات کے ساتھ ایک نئی فلم ’’زومبیڈ‘‘ میں بھی جلوہ گر ہوں گے۔