کراچی: گل پلازا کے قریب ایک اور مارکیٹ میں آگ لگ گئی


کراچی کے مصروف ترین تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر گزشتہ آگ سے تباہ شدہ گل پلازا کے قریب واقع ایک اور مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین اور ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ مکی مسجد کے قریب فرنیچر مارکیٹ کی عمارت کے میزنائن فلور پر پیش آیا جہاں بجلی کے میٹر نصب تھے۔
بجلی کے میٹروں میں لگنے والی اس آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی اور عمارت کی بیسمنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ جس عمارت میں آگ لگی وہاں بڑی مقدار میں فرنیچر اور دیگر تجارتی سامان موجود ہے جس کی وجہ سے آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
امدادی ٹیموں نے فوری طور پر عمارت کو خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کیا تاہم ریسکیو ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خوش قسمتی سے آتشزدگی کے وقت عمارت کے اندر کوئی شخص موجود نہیں تھا جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
فائر فائٹرز نے عمارت کے بیسمنٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کے لیے مسلسل جدوجہد کی اور آگ پر قابو پالیا۔ فائر فائٹنگ آپریشن میں سات فائر ٹینڈرز اور دو واٹر باؤذرز نے حصہ لیا۔
علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے تاکہ امدادی کاموں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ پولیس اور رینجرز کی نفری نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے تاکہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو آنے جانے میں آسانی رہے۔
ابھی تک آگ لگنے کی حتمی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے تاہم ابتدائی طور پر اسے شارٹ سرکٹ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آگ مکمل طور پر بجھانے کے بعد ہی نقصانات کا درست اندازہ لگایا جا سکے گا اور کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمارت کے معائنے کی اجازت دی جائے گی۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles