
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران ابھی تک امریکی تجویز پر کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچا اور معاملہ تاحال زیر غور ہے۔ ان کے مطابق امریکا کو اس حوالے سے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران امریکی تجویز کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کے مرحلے میں نہیں پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تہران کی جانب سے امریکا کو کوئی باضابطہ جواب نہیں دیا گیا ہے اور معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق جب ایران کسی حتمی فیصلے پر پہنچے گا تو اس سے متعلق پیغامات ثالثی کے ذریعے متعلقہ فریقین تک پہنچا دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیغامات کے تبادلے کے نتائج کی بنیاد پر آئندہ کے اقدامات کا تعین کیا جائے گا۔
ایرانی ترجمان کے بیان کے مطابق سفارتی سطح پر رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور ایران اپنی قومی پالیسی اور مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا۔