ایرانی وزیر خارجہ کا اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ، جنگ بندی پر گفتگو

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے جمعے کے روز پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔

ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق عباس عراقچی نے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے رابطوں کے دوران حالیہ علاقائی پیش رفت اور ایران و امریکا کے درمیان جاری جنگ بندی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتے کی جنگ بندی کے بعد مذاکرات کا پہلا دور اسلام آباد میں ہوا تھا، جو بے نتیجہ رہا تھا۔

اب پاکستان کی ثالثی میں اسلام آباد میں ہی فریقین کو ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں، جس میں شرکت کے لیے ایران کی جانب سے امریکی بحری ناکہ کے خاتمے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متعدد بیانات میں ایران کی بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کے اعلانات کرچکے ہیں۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے امریکی فوج کو ایران کی آبنائے ہرمز میں موجود گن بوٹس کو تباہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا پر عدم اعتماد جاری مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

ایران نے امریکا کے رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیوں، بندرگاہوں کی بندش اور غیر سنجیدہ رویہ مذاکرات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ ایرانی صدر نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ مذاکرات اور معاہدوں کا خیرمقدم کیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا، تاہم دنیا امریکا کی مسلسل بیان بازی، دعوؤں اور عملی اقدامات کے درمیان تضادات کو واضح طور پر دیکھ رہی ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles