حیدرآباد کنگز مین کے عثمان خان نے پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی

کراچی: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم  حیدرآباد کنگز مین کے بیٹر عثمان خان پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے پلیئر بن گئے ہیں۔

بدھ کو عثمان خان نے پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں 214 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

یہ عثمان خان کے پی ایس ایل کیریئر کی چوتھی سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی وہ پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سنچری اسکور کرنے والے بیٹر بن گئے ہیں۔

عثمان خان  نے پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر 33 میچز کھیلے، جس میں انہوں نے 2023 میں ایک اور 2024 میں 2 سنچریاں اسکور کی تھیں۔

اس کے علاوہ پی ایس ایل میں اب تک بابر اعظم، فخر زمان، کامران اکمل اور رئیلی روسو 3،3 سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔

اس سے قبل کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 33 ویں میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز اسکور کیے۔

اسٹیو اسمتھ نے صرف 47 گیندوں پر سنچری اسکور کی جب کہ انہوں نے 6 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 106 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ صاحبزدہ فرحان نے 66 اور جوش فلیپے نے 19 رنز بنائے جب کہ حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے عاکف جاوید نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بعدازاں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 214 رنز کا ہدف عثمان خان کی شاندار سنچری کی بدولت آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

اس کے علاوہ مارنس لبوشین نے 61 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ حسان خان 6 گیندوں پر 24 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ یوں حیدرآباد کنگز مین نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔

شاندار سنچری اسکور کرنے پر حیدر آباد کنگز مین کے عثمان خان کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو حیدرآباد 8 میچز میں 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر آگئی جبکہ ملتان 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر برقرار ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles