رجب بٹ کے خلاف مبینہ زیادتی کیس میں اہم پیش رفت
عدالت نے گزشتہ کارروائی کے تسلسل میں ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کر دی تھیں
لاہور کی سیشن کورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے تاہم آج بھی فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکی۔
ایڈیشنل سیشن جج یاسر عرفات نے کیس کی سماعت کی جس میں ملزمان رجب بٹ، جہانگیر، جواد علی اور عبد الرحمان عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے گزشتہ کارروائی کے تسلسل میں ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کر دی تھیں جبکہ آج فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان تھا۔
عدالتی کارروائی کے دوران ملزمان کے وکیل رانا عبدالمعروف نے دلائل پیش کیے تاہم مدعیہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کرنے کے لیے مزید وقت دینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے درخواست منظور کر لی۔
عدالت نے مدعیہ کے وکیل کو دلائل کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت 27 اپریل تک ملتوی کر دی۔