حکومت کا شہریوں کے لیے ماہانہ پیٹرول کوٹہ مقرر کرنے کا فیصلہ


حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو ذاتی گاڑیوں کے لیے پیٹرول کا باقاعدہ کوٹہ مقرر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس نئے نظام کے نفاذ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جب کہ پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے جدید موبائل فونز کی فراہمی کا عمل بھی حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔
وزارتِ آئی ٹی نے پمپس پر فراہم کیے جانے والے موبائل فونز کی جانچ مکمل کر لی ہے اور نیشنل آئی ٹی بورڈ (این آئی ٹی بی) نے خریدے جانے والے موبائل ڈیوائسز کے معیار اور آپریشنل کارکردگی کی باقاعدہ توثیق کر دی ہے۔
حکام کے مطابق موبائل فونز پر فیول مینجمنٹ ایپلیکیشن کی ٹیسٹنگ بھی مکمل ہو چکی ہے جب کہ اس حوالے سے تمام تفصیلات وزارتِ آئی ٹی کی جانب سے کابینہ ڈویژن کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
اوگرا نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ موبائل فونز کی خریداری یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے لیے تقریباً 36 ہزار روپے مالیت کے موبائل ڈیوائسز فراہم کیے جائیں گے، جن کی لاگت آئل مارکیٹنگ کمپنیاں خود برداشت کریں گی۔
نیشنل آئی ٹی بورڈ موبائل فونز خرید کر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے حوالے کرے گا جب کہ یہ کمپنیاں متعلقہ فیول اسٹیشنز پر ان موبائل ہینڈ سیٹس کی تقسیم کریں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس پر ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کی تیاری مکمل ہو چکی ہے اور اس کے تحت جدید موبائل ہینڈ سیٹس کے ذریعے فیول کی ڈیجیٹل نگرانی کی جائے گی۔
این آئی ٹی بی نے موبائل فونز کی خریداری کے لیے اظہارِ دلچسپی طلب کیا تھا، جس کے بعد مختلف کمپنیوں کے ساتھ مشاورت کر کے موبائل ڈیوائسز کی قیمت بھی طے کر لی گئی ہے۔

حکومت جلد ہی گاڑیوں کے لیے پیٹرول کوٹہ کا باضابطہ اعلان کرے گی، جسے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی تیار کردہ موبائل ایپ کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔
نئے نظام کے تحت کسی بھی شہری کو مقررہ کوٹہ سے زیادہ پیٹرول خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد فیول کی شفاف تقسیم، نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اور ممکنہ بے ضابطگیوں کا سدباب کرنا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles