
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران کے پہاڑوں میں انتہائی مشکل اور خطرناک آپریشن کر کے اپنے لاپتہ اور شدید زخمی پائلٹ کو بحفاظت نکال لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایران کو انتہائی سخت اور نازیبا الفاظ میں دھمکی دی ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو فوری طور پر نہ کھولا گیا تو منگل کے روز ایران کے پاور پلانٹس اور پلوں پر قیامت ڈھا دی جائے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جاری دو مختلف بیانات میں ایران میں گرنے والے امریکی لڑاکا طیارے کے دوسرے گمشدہ پائلٹ کو کامیابی سے ریسکیو کرنے کا دعویٰ اور ساتھ ہی انتہائی نازیبا زبان کا استعمال کیا۔
اپنے پہلے پیغام میں لاپتہ امریکی پائلٹ کے ریسکیو آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ ’ہم نے ایران کے پہاڑوں سے شدید زخمی اور انتہائی بہادر ایف 15 کے عملے کے رکن کو ریسکیو کر لیا ہے جو کہ کرنل ہیں‘۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں اور جنگی اثاثوں کو سنگین خطرات کی وجہ سے اس قسم کے آپریشن شاذ و نادر ہی کیے جاتے ہیں۔ ایرانی فوج بڑی تعداد میں ان کی تلاش میں سرگرم تھی اور ان کے بہت قریب پہنچ چکی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ دوسرا ریسکیو مشن تھا جو پہلے پائلٹ کو دن دیہاڑے نکالنے کے بعد کیا گیا اور اس غیر معمولی آپریشن کے دوران امریکی فورسز نے 7 گھنٹے ایران کی فضاؤں میں گزارے۔
انہوں نے فورسز کی بہادری کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ پیر کی دوپہر ایک بجے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں فوجی قیادت کے ہمراہ اس حوالے سے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
اپنے دوسرے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی۔
آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سخت نازیبا اور گالی نما الفاظ استعمال کیے اور لکھا کہ منگل کا دن ایران میں ’پاور پلانٹ ڈے‘ اور ’برج ڈے‘ (پلوں کو نشانہ بنانے کا دن) ہوگا۔ ایران نے ایسی تباہی پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔
امریکی صدر نے ایرانی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ آبنائے ہرمز کھولو، ورنہ تم جہنم میں پہنچا دیے جاؤ گے، بس دیکھتے جاؤ‘۔
حیران کن طور پر امریکی صدر نے اپنے اس شدید غصے اور گالیوں پر مبنی دھمکی آمیز پیغام کے بالکل اختتام پر ”اللہ کی حمد و ثنا“ (Praise be to Allah) کے الفاظ بھی تحریر کیے ہیں۔