پائلٹ ریسکیو مشن: امریکا کے دو ’سی 130‘ طیارے، 2 ’بلیک ہاک‘ ہیلی کاپٹر اور ڈرونز تباہ کردیے: ایران

ایرانی فوج نے ایران میں گمشدہ پائلٹ کی تلاش کے لیے کیے گئے ریسکیو مشن کے دوران امریکی فوج کے دو سی 130 جہاز، دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ گمشدہ پائلٹ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی تسنیم نیوز کے مطابق صوبہ اصفہان کے جنوب میں لاپتہ امریکی پائلٹ کی تلاش کے لیے کیے گئے ریسکیو مشن کے دوران امریکی فوج کے متعدد طیارے اور ہیلی کاپٹرز تباہ کر دیے گئے ہیں۔

خاتم الانبیاء سینٹرل ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے اتوار کو بیان میں کہا کہ ایرانی فوجی دستوں نے جنوبی اصفہان میں کئی امریکی طیارے تباہ کر دیے، جس کے نتیجے میں گمشدہ امریکی لڑاکا پائلٹ کو نکالنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی میں فضائیہ اور زمینی افواج کے ساتھ بسیج فورس کے رضاکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا، جنہوں نے آنے والے طیاروں کو روکتے ہوئے انہیں تباہ کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تباہ ہونے والے طیاروں میں دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر اور ایک سی 130 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ شامل ہے، جنہیں نشانہ بنا کر جنوبی اصفہان میں جلا دیا گیا۔

دوسری جانب امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ جمعے کو گرائے گئے امریکی ’ایف 15‘ طیارے کے دوسرے پائلٹ کو بھی بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں جمعے کے روز گرائے گئے امریکی لڑاکا طیارے کے دوسرے لاپتہ پائلٹ کو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے، جب کہ طیارے کے پہلے پائلٹ کو ایک روز قبل ہی بحفاظت ریسکیو کیا گیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق ایرانی مسلح افواج کی مشترکہ کمانڈ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا زمین پر موجود ماہرین کی جانب سے کی گئی مزید تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہماری فورسز نے امریکی فوج کے دو ’سی 130‘ ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے اور دو ’بلیک ہاک‘ ہیلی کاپٹر تباہ کر دیے ہیں۔

ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ بیانات میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ صوبہ اصفہان میں ایک اسرائیلی ’ہرمیس 900‘ ڈرون اور ایک امریکی ’ایم کیو 9‘ ڈرون کو بھی مار گرایا گیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’فارس‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ لاپتہ امریکی پائلٹ کی تلاش کے لیے یہ وسیع سرچ آپریشن ہفتے کی شام سے ایران کے تین مختلف صوبوں چہارمحال و بختیاری، کوہگیلویہ و بویراحمد اور اصفہان میں کیا گیا تھا۔

اس سے قبل امریکی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا نے ریسکیو آپریشن کے دوران ایرانی فورسز کے ہاتھ لگنے سے بچانے کے لیے اپنے طیارے خود تباہ کیے۔

تسنیم نیوز کے مطابق ماہرینِ ہوا بازی اور تجزیہ کاروں نے واضح طور پر امریکی دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے کہ سی 130 طیارے کو ایرانی علاقے میں امریکا نے خود نشانہ بنایا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق شواہد بشمول جہاز کے پروپیلر کو پہنچنے والے نقصان اور ہیلی کاپٹر کے ملبے کی قربت سے ثابت ہوتا ہے کہ طیارہ مار گرایا گیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles