
ایران کے فضائیہ کے سربراہ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک 160 سے زائد دشمن ڈرونز، جدید لڑاکا طیارے اور درجنوں کروز میزائل تباہ کیے جا چکے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایرانی فضائی دفاع کے مشترکہ ہیڈکوارٹر کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علیرضا الہامی نے کہا ہے کہ ان کی افواج نے امریکی، اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے اب تک 160 سے زائد دشمن ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
انہوں نے آرمی اور پاسدارانِ انقلاب کے فضائی دفاعی یونٹس کے دورے کے دوران بتایا کہ تباہ کیے جانے والے ڈرونز میں ایم کیو-9، ہرمس اور لوکاس ماڈلز شامل ہیں، جبکہ اس دوران کئی جدید لڑاکا طیارے اور درجنوں کروز میزائل بھی نشانہ بنائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی فورسز نے دشمن کو کسی بھی حملے سے پہلے ہی نشانہ بنا کر اس کی کارروائیوں کو ناکام بنایا، جس سے مخالفین کی ’’پروپیگنڈا مہم‘‘ بھی بے نقاب ہوئی۔
بریگیڈیئر جنرل علیرضا الہامی نے کہا کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام ہر وقت دشمن کے طیاروں اور ڈرونز کی نگرانی کر رہا ہے اور انہیں نشانہ بنانے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چوتھی اور پانچویں نسل کے جدید لڑاکا طیاروں کو مار گرانا ایرانی افواج کی حکمت عملی، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور فضائی دفاعی نظام کی صلاحیتوں کا نتیجہ ہے، جس نے دشمن کو حیران کر دیا ہے۔
بیان کے مطابق آرمی اور پاسدارانِ انقلاب کا مکمل فضائی دفاعی نیٹ ورک متحد ہے اور ہر قیمت پر ایران کی فضاؤں کا دفاع کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
ایرانی مؤقف کے مطابق امریکا اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں شروع کیں، جو اس وقت کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای، اعلیٰ فوجی کمانڈرز اور شہریوں کے قتل کے بعد کی گئیں۔
ان حملوں میں ایران کے فوجی اور شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا، جس سے جانی نقصان اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔
اس کے جواب میں ایرانی مسلح افواج نے بھی بھرپور جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے مقبوضہ علاقوں اور خطے میں امریکی و اسرائیلی اہداف کو میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔