اسرائیل اور امریکا کی ایران پر بمباری تیز، قم میں فضائی حملے سے 6 افراد شہید

اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملے تیز، اسرائیلی فوج نے ایرانی شہر قم میں تین گھروں پر فضائی حملے کرکے 6 افراد کو شہید کردیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران پر اسرائیل اور امریکی حملوں کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ قم میں فضائی حملے میں چھ افراد شہید جبکہ تہران میں متعدد عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔

اسرائیل نے ایرانی شہر قم میں تین رہائشی گھروں پر فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں چھ شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ ہلالِ احمر کے مطابق تہران میں بھی اسرائیلی فضائی حملوں سے کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں اور ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی آرمی چیف ایال زمیر کی کابینہ اجلاس کی آڈیو لیک میں بتایا گیا کہ طویل فوجی آپریشنز کے نتیجے میں اسرائیلی فوج بریکنگ پوائنٹ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری بھرتیاں، لازمی خدمت کی مدت میں اضافہ اور ریزرو فورس میں تبدیلی نہ کی گئی تو فوج اندرونی طور پر ٹوٹ جائے گی اور میدان جنگ میں ریزرو فوجی مزید لڑائی کے لیے دستیاب نہیں رہیں گے۔

اسرائیل کے سابق وزیراعظم نفتالی بینٹ کے مطابق ملک کو 20 ہزار فوجیوں کی کمی کا سامنا ہے، جو جاری آپریشنز کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔

اُدھر امریکی صدر ٹرمپ کا ڈبل گیم جاری ہے، ایک طرف مذاکرات کا واویلا تو دوسری جانب ایران پر حملے تیز کیے جا رہے ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ مشرق وسطیٰ میں مزید دس ہزار زمینی فوجی بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔

امریکی سینٹ کام نے سوشل میڈیا پر تازہ حملوں کی فوٹیج جاری کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایران میں آپریشن ’’ایپک فیوری‘‘ کے تحت دس ہزار سے زائد اہداف پر حملے کیے جا چکے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles