پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 کا آغاز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایک عجیب و غریب واقعے کے ساتھ ہوا، جہاں میچ کے دوران سفید گیند نے اپنی رنگت بدل لی۔
کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب کسی کھلاڑی نے گیند کی رنگت بدلتی دیکھی،اس صورتحال نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے اور ایونٹ کے انتظامات پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔
۔
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں شاہین آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے حیدرآباد کنگز مین کو 69 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 199 رنز بنائے۔ فخر زمان 53 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے اور انہیں ’مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ جواب میں حیدرآباد کی ٹیم محض 130 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ کے دوران اس وقت سب حیران رہ گئے جب استعمال ہونے والی سفید گیند اچانک گلابی مائل نظر آنے لگی۔ قلندرز کی اننگز کے 15ویں اوور کے بعد امپائرز کو گیند تبدیل کرنی پڑی۔
سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حیدرآباد کنگز مین کی جرسی کا رنگ کچا ہونے کی وجہ سے گیند پر چڑھ گیا، جبکہ کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ اوس کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔
کھیل کے دوران کھلاڑی عموماً گیند کو اپنی جرسی یا تولیہ سے پالش کرتے ہیں تاکہ گیند کی چمک برقرار رہے اور بولرز کو سوئنگ حاصل ہو، لیکن اس بار جرسی کا رنگ گیند پر منتقل ہونے کی وجہ سے پی ایس ایل کی تنظیم پر سوالات اٹھنے لگے اور سوشل میڈیا پر لیگ کو ٹرول بھی کیا گیا۔
مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور ملک میں ایندھن کے بحران کے باعث، پی ایس ایل 2026 کے میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلے جا رہے ہیں۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے مطابق، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر شہریوں کی نقل و حرکت محدود رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے وینیوز بھی 6 سے کم کر کے صرف دو (لاہور اور کراچی) تک محدود کر دیے گئے ہیں اور افتتاحی تقریب بھی منسوخ کر دی گئی تھی۔