جہاز میں عدنان صدیقی کا انوکھا کارنامہ؛ اعجاز اسلم نے مزاحیہ واقعہ سنادیا
عدنان صدیقی نے ایک چھوٹے کپ کی مدد سے نہانے کی کوشش کی تھی، اداکار
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اعجاز اسلم نے ساتھی اداکار عدنان صدیقی سے متعلق دورانِ پرواز پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ سنادیا۔
اداکار اعجاز اسلم نے حال ہی میں ایک نجی شو میں بطورِ مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
میزبان تابش ہاشمی کے سوال پر اعجاز اسلم نے بتایا کہ ایک مرتبہ میں اور عدنان صدیقی ایک ساتھ سفر کر رہے تھے۔ دورانِ پرواز جب عدنان جہاز کے باتھ روم کی طرف گئے تو دیکھا کہ دروازے کے باہر پانی بہہ رہا ہے، جس پر میں حیران رہ گیا کہ پانی کہاں سے آرہا ہے۔
اداکار نے بتایا کہ میں ایئر ہوسٹس کو اطلاع دینے کے لیے ادھر اُدھر دیکھ ہی رہا تھا کہ اتنے میں باتھ روم کا دروازہ کھلا اور عدنان صدیقی باہر آگئے، جب میں نے عدنان سے پوچھا کہ اندر کیا ہو رہا تھا تو انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ وہ اندر نہا رہے تھے۔
اعجاز اسلم نے ہنستے ہوئے بتایا کہ عدنان صدیقی نے ایک چھوٹے کپ کی مدد سے نہانے کی کوشش کی تھی اور کافی دیر تک باتھ روم میں موجود رہے، جب عدنان باہر آئے تو فرش پر پانی پھیلا ہوا تھا، اسی دوران ایئر ہوسٹس بھی وہاں پہنچ گئیں۔
اداکار نے مزید بتایا کہ عدنان صدیقی نے مزاحاً سارا الزام مجھ پر ڈال دیا اور ایئر ہوسٹس سے کہا کہ یہ اندر شاور لے رہے تھے، جس پر ایئر ہوسٹس نے مجھے ہی ڈانٹ دیا۔