
قومی اسمبلی اجلاس میں سانحہ اے پی ایس کے 10 سال مکمل ہونے پر متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیپلز پارٹی کی شازیہ مری نے پیش کی، جس میں لکھا گیا ہے کہ یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ اے پی ایس کے شہید بچوں کی قربانی نے پورے پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیاہے ۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت ایوان اور عوام اعادہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، یہ ایوان دہشتگردی کے خلاف فورسزکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان 16 دسمبر کو قومی دن کے طور پر منانے کی سفارش کرتا ہے ، معصوم بچوں، اسٹاف اور اسکولز نے ناقابل یقین بہادری کا مظاہرہ کیا ،شہداء کی قربانی نے قوم کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف یکجا کیا۔
قرارداد کے مطابق یہ ایوان پاکستان کی آرمڈ فورسز اور مسلحہ افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے، ایوان معاشرے کے تمام طبقات سے دہشت گردی سے پاک پاکستان کی تعمیر کے لئے یکجا ہونے کا مطالبہ کرتا ہے۔
قراردار میں مزید لکھا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان کو دہشت گردی سے مکمل پاک کرنے کا اعادہ کرتا ہے۔
قومی اسمبلی نے معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی
دوسری جانب قومی اسمبلی نے معمول کا ایجنڈا معطل کرنے کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔