
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کیا۔ جرگے میں امن و استحکام، دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور سرحدی سیکیورٹی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔*
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے انکا استقبال کیا، اور ہیڈکوارٹر الیون کور میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور میں قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ امن کا خواہاں ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے کئی کوششیں کیں، لیکن افغان طالبان حکومت نے بھارتی حمایت یافتہ گروہوں کو سہولت فراہم کی۔
فیلڈ مارشل نے عزم ظاہر کیا کہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔
جرگے کے دوران قبائلی عمائدین نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ ’فتنۃ الخوارج‘ اور ’فتنۃ الہند‘ جیسی گمراہ کن سوچ کو قبائل میں کوئی پذیرائی حاصل نہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قبائلی عوام کے عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔