’اگلی بار ہاتھ ملائیں گے؟‘، سوال پر بھارتی کپتان کی ہٹ دھرمی برقرار

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے بھارتی اخبار کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں ہینڈ شیک تنازع پر اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کہا ہے کہ، ”میں نہیں جانتا پاکستان کے ساتھ اگلے میچ میں کیا ہوگا ابھی تو یہ لمحہ ہے جسے ہم انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔“

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جب 35 سالہ سوریا کمار سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اپنے بیان پر پچھتا رہے ہیں، تو انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ، “ بالکل نہیں! اگر یہ فائنل ہوتا تو سخت مقابلہ ہوتا، فائنل ایک موقع ہوتا ہے۔

بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ، “ لوگ کہتے ہیں کہ یہ بس ایک اور میچ ہے، لیکن فائنل فائنل ہوتا ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ ناک آؤٹ گیم ہے، آپ نے اس کے لیے بہت محنت کی ہوتی ہے۔ دباؤ ضرور ہوتا ہے لیکن میرے ذہن میں کبھی نہیں آیا کہ میں نے کچھ غلط کہا ہے۔ میں اپنی ٹیم کو دیکھتا ہوں، جب وہ پریکٹس کرتے ہیں یا میچ میں کھیلتے ہیں، تو مجھے ان کی صلاحیت کا اندازہ ہو جاتا ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال میں کھیل سکتے ہیں۔ اسی کو دیکھتے ہوئے میں نے وہ بات کہی تھی۔“

واضح رہے سوریا کمار یادو نے ایشیا کپ 2025 کے دوران اُس وقت بڑی بحث چھیڑ دی تھی جب انہوں نے پاکستان کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ اب پاکستان کو سخت حریف نہیں سمجھتے۔

حال ہی میں ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں انڈیا نے پاکستان کو تین میچز میں شکست دی تھی جن میں اتوار کو کھیلا گیا فائنل بھی شامل تھا۔ گروپ اسٹیج اور سپر فور مرحلے کے میچز یکطرفہ ثابت ہوئے، جبکہ فائنل سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوا تھا تاہم جیت بھارت کے حصے میں آئی۔

فائنل میچ میں بھارتی کھلاڑی تلک ورما نے ناقابلِ شکست 69 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles