
طالبان حکومت کے دو سینئر عہدیداروں نے بتایا کہ پناہ گزینوں کے وزیر دارالحکومت کابل میں وزارت کے ہیڈکوارٹر میں ایک دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ وزارت مہاجرین میں ہونے والے دھماکے میں وزیر خلیل الرحمٰن حقانی اپنے کم از کم دو ساتھیوں سمیت مارے گئے۔
دھماکے سے ہونے والی ہلاکتوں کی کل تعداد واضح نہیں ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 تک ہوسکتی ہے۔
طالبان حکام نے بتایا کہ حملہ آور اور اس کے پیچھے پوشیدہ محرکات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ دھماکے میں جاں بحق خلیل الرحمان حقانی نیٹ ورک کے بانی مرحوم جلال الدین حقانی کے بھائی تھے۔
وہ سراج الدین حقانی کے چچا بھی تھے جو اس وقت افغانستان کے وزیر داخلہ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔