میر رضا کیس: جے آئی ٹی کا بزنس پارٹنر سے تفیتش کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ


کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے متوفی کے بزنس پارٹنر سے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کرنے جبکہ مالی لین دین سمیت دیگر معاملات کو بھی تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میر رضا کیس تحقیقات کے نئے مرحلے میں داخل ہوگیا، کیس کی تفتیش کے لیے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کا دوسرا اجلاس ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں منعقد ہوا، جو 4 گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد ختم ہوا جب کہ اجلاس کی صدارت جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے کی۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے اجلاس میں مختلف انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران شریک ہوئے اور کیس کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جب کہ اجلاس میں جے آئی ٹی حکام نے میر رضا کے اہل خانہ سے مزید معلومات کیں۔
جے آئی ٹی حکام نے ایس آئی او فیروز آباد شبیر لغاری، سی آئی اے پولیس کے افسر غوث عالم، تفتیشی افسر ڈی ایس پی سراج لاشاری، ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال اور سابق ایس ایچ او گلستان جوہر کامران قریشی کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے میر رضا کے پارٹنر احمد بھاردے اور ان کے بھائی کا بیان بھی قلمبند کیا جب کہ تفتیشی حکام نے احمد بھاردے سے مزید تحقیقات جاری رکھنے اور دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کیس پر تحقیقات کرنے والے سی پی ایل سی نمائندوں نے جے آئی ٹی حکام کو اپنی رپورٹ سے آگاہ کیا جب کہ اس کیس میں جے آئی ٹی کے ساتھ سی پی ایل سی بھی مزید معاونت کے طور پر کام کرے گی۔

اجلاس کے دوران جے آئی ٹی نے میر رضا کے بزنس پارٹنر احمد بھاردے سے ہونے والی اب تک کی تفتیش کا بھی جائزہ لیا گیا جب کہ جے آئی ٹی نے میر رضا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مالی و کاروباری معاملات سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے۔
جے آئی ٹی نے میر رضا کے جن افراد کے ساتھ لین دین و کاروباری معاملات رہے ہیں، ان سب کو مرحلہ وار طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن کے بیان ریکارڈ کیے جائیں گے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کی جانب سے میر رضا کے بزنس پارٹنرز سے مزید تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جائے گا جب کہ میر رضا کیس کی ماضی میں کی گئی تمام تفتیش کا جے آئی ٹی ازسرنو جائزہ لے گی۔
ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے این سی سی آئی اے کو کیس کے ٹیکنیکل پہلوؤں پر ازسرنو تفتیش کرکے رپورٹ مرتب کرنے کے لیے احکامات دیے۔
تفتیشی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جے آئی ٹی آئندہ اجلاس میں سابقہ تفتیشی ٹیم کے کئی ارکان کے دوبارہ بیانات ریکارڈ کرے گی جس کے تحت تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
میر رضا کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت
قبل ازیں کراچی کی مقامی عدالت نے نوجوان تاجر میر رضا کیس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کو تفتیش مکمل کرنے کے لیے 10 روز کی مہلت دے دی جب کہ عدالت نے جے آئی ٹی کے اجلاسوں کے منٹس سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں میر رضا قتل کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جے آئی ٹی کے تفتیشی افسر ڈی ایس پی فرید خان پیش ہوئے، دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کی تفتیش مکمل کرنے اور حتمی چالان پیش کرنے کے لیے مزید 14 روز کی مہلت دی جائے۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس 7 نومبر کو منعقد ہوا تھا، جس کے منٹس بھی عدالت میں جمع کرادیے گئے ہیں۔ جے آئی ٹی کا اگلا اجلاس بھی آج منعقد ہونا ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر جے آئی ٹی کو تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 10 روز کی مہلت دے دی اور ہدایت کی کہ تحقیقاتی اجلاسوں کے منٹس سے عدالت کو مسلسل آگاہ کیا جائے۔
الیکٹرانک ڈیوائسز کی فارنزک جانچ کی اجازت
دوسری جانب عدالت نے میر رضا اور احمد بھردے کی الیکٹرانک ڈیوائسز کی لائیو فارنزک جانچ کی بھی اجازت دے دی۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو فارنزک جانچ کے طے شدہ پروٹوکول پر عمل درآمد اور اس کے نتائج سے آگاہ کرنے کا حکم دیا۔
پارٹنر کا پستول برآمد، برانچ سیل
گزشتہ روز کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے نارتھ ناظم آباد برانچ سے میر رضا کے پارٹنر کا ذاتی پستول بھی برآمد کیا تھا، جس کے بعد برانچ کا ریکارڈ ضبط کرکے اسے سیل کردیا گیا جب کہ برآمد ہونے والا پستول فارنزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

احمد بھردے کے اہل خانہ کا مؤقف ہے کہ نارتھ ناظم آباد برانچ 29 جولائی سے بند ہے اور ضبط کیا گیا اسلحہ نجی سیکیورٹی گارڈ کا ہے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ تفتیش میں مکمل تعاون کررہے ہیں۔
میر رضا کیس کا پس منظر
واضح رہے کہ کراچی کا 25 سالہ نوجوان تاجر میر رضا علی 28 جولائی کو کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں اپنی رہائش گاہ سے لاپتا ہوئے تھے جب کہ اگلے روز ان کی لاش گلستانِ جوہر کے ایک ویران مقام سے ملی۔ پولیس نے ابتدا میں واقعے کو ممکنہ خودکشی کے طور پر دیکھا تاہم اہلِ خانہ نے اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے قتل کا شبہ ظاہر کیا اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم اور پولیس کی تفتیش پر سوالات اٹھنے کے بعد عدالت نے 6 اگست کو قبرکشائی اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کی اجازت دی، میڈیکل بورڈ کی تشکیل پر تنازع کے باعث کارروائی میں تاخیر ہوئی اور بالآخر 8 اگست کو قبرکشائی کرکے میر رضا کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گولی کے زخم اور اس کے جسم سے گزرنے کے راستے سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں، جنہیں خودکشی کے ابتدائی مؤقف سے مطابقت نہ رکھنے والا قرار دیا گیا۔ اس کے بعد مقدمے میں قتل کی دفعہ بھی شامل کی گئی۔
معاملے کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت نے 24 اگست کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں عدالتی کمیشن قائم کیا تاہم کمیشن نے واقعے کے حالات، پولیس کی ابتدائی تفتیش، طبی شواہد اور شواہد جمع کرنے کے طریقۂ کار کا جائزہ لیا۔

2 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ نے اہلِ خانہ کی جانب سے آزاد اور کثیر ادارہ جاتی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ جے آئی ٹی تشکیل دینا حکومت کا اختیار ہے۔
20 اکتوبر کو کمیشن نے 62 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں پولیس کی تفتیش کو شدید ناکامی قرار دیا جب کہ کمیشن کی رپورٹ میں میر رضا کی موت کو قتل قرار دیا گیا اور پولیس کی تفتیش میں سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔ رپورٹ میں مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے اور ممکنہ غفلت یا شواہد میں رد و بدل کے پہلوؤں کی جانچ کی سفارش بھی کی گئی۔
عدالتی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 24 اکتوبر کو سندھ حکومت نے کیس کی مزید تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی، جے آئی ٹی میں رینجرز، وفاقی انٹیلی جنس اداروں اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے نمائندے بھی شامل ہوں گے جب کہ تحقیقاتی ٹیم کو واقعے سے متعلق شواہد کا ازسرنو جائزہ لینے اور ابتدائی تفتیش میں سامنے آنے والے سوالات کا جواب تلاش کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔
تازہ پیش رفت کے مطابق سندھ حکومت نے میر رضا کیس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، کیس میں اب تک سامنے آنے والی پیش رفت کے باوجود قتل کے ذمہ دار افراد، واقعے کے محرکات اور ممکنہ سہولت کاروں کا حتمی تعین ہونا باقی ہے۔ ان پہلوؤں سے متعلق مزید حقائق جے آئی ٹی کی تحقیقات اور متعلقہ قانونی کارروائی کے بعد سامنے آسکتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles