حکومت نے پیٹرول مزید سستا کردیا، ڈیزل کی قیمت برقرار

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے اگلے 3 روز کے لیے پیٹرول سستا کردیا ہے جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی ہے۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن نے 14 نومبر سے 16 نومبر تک کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد وبدل کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 332 روپے سے کم ہو کر 330 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 360 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے اگلے 3 دن 14 نومبر سے 16 نومبر 2026 تک کے لیے ہوگیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 39 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے وہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 34 مرتبہ کمی ہوئی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 12 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں مسلسل تیسرے روز بھی کمی کی گئی تھی، پیٹرول 3 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 332 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 360 روپے ہوگئی تھی۔

11 نومبر کو بھی پیٹرول 3 روپے سستا ہوا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 335 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 7 روپے کمی کے بعد 364 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

10 نومبر کو بھی حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے کی بڑی کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 338 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 371 روپے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے کے آخری روز 06 نومبر کو حکومت نے اگلے 4 دن کے لیے 07 نومبر سے 10 نومبر تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 6 روپے 59 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 25 پیسے کی کمی تھی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 346 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 378 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ بحران کے باعث حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کیا جاتا ہے تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles