
ملک بھر میں نو محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے لیے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ کراچی میں نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی گزرگاہ پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل، ایم اے جناح روڈ کے اطراف کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئیں۔لاہور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوکر حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق جلوس کی گزرگاہوں پر واقع تمام دکانیں اور مارکیٹیں سیل کر دی گئی ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ، صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ اور کھارادر سمیت مختلف علاقوں میں کنٹینر رکھ کر سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں پر موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔
جلوس کی سیکیورٹی پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور رینجرز اہلکار بھی الرٹ ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز 8 محرم کا جلوس بھی سخت سیکیورٹی میں نکالا گیا تھا اور اس دوران بھی موبائل فون سروس معطل رہی۔
لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس
لاہور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج صبح تقریباً دس بجے پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا۔ جلوس اپنے روایتی راستے اسلام پورہ بازار اور سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا سراج بلڈنگ پہنچے گا، جہاں شرکا نمازِ ظہرین ادا کریں گے۔
جلوس نیلی بار چوک اور پرانی انارکلی سے گزر کر خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلوس کے لیے سیکیورٹی اور سہولیات کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
جلوس کے مکمل روٹ کو سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، جب کہ جلوس میں شریک عزاداروں کے لیے مختلف مقامات پر لنگر اور سبیلوں کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں 9 محرم کا جلوس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
اسلام آباد میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناعشری سے برآمد ہوگا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا میلوڈی چوک تک پہنچے گا۔ جلوس کے شرکا میلوڈی میں نماز مغربین ادا کریں گے جس کے بعد جلوس امام بارگاہ اثناعشری پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جلوس کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں کو خار دار تاروں اور قناتوں کے ذریعے مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، جب کہ داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے لیے خصوصی ناکے قائم کیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی پر 3000 سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ جلوس کی مکمل نگرانی سیف سٹی کنٹرول روم اور موبائل کنٹرول یونٹس کے ذریعے کی جائے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال کو ہر ممکن طور پر برقرار رکھا جا سکے۔