سندھ ہائیکورٹ میں ڈیفنس میں نوجوان پر مبینہ تشدد کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے دونوں ملزمان کو ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ سماعت کے دوران وکلا نے اپنے دلائل پیش کیے، جس کے بعد عدالت نے ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ سنایا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان نے عدالت میں جج کے روبرو بیان دیا تھا کہ اس نے دونوں ملزمان کو معاف کر دیا ہے تاہم جج نے کہا تھا کہ مقدمے میں مدعی متاثرہ شخص نہیں ہے اور دونوں ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل کراچی کے پوش علاقے گذری ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار سلمان فاروقی نے موٹر سائیکل سوار شہری کو زد و کوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
نوجوان کے ساتھ موجود اس کی بہنیں بااثر شخص کے سامنے ہاتھ جوڑ جوڑ کر معافیاں مانگتی رہیں لیکن روتی لڑکیوں کے آنسوؤں پر بھی بااثر شخص کو ترس نہیں آیا تھا۔