مانسہرہ: وادیٔ کاغان کے مقام مہانڈری میں پل کی تنصیب کے باعث چھ کلومیٹر طویل ٹریفک جام لگ گیا، درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ سیاحوں کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً پانچ گھنٹوں سے مہانڈری کے مقام پر پھنسی ہوئی گاڑیوں میں موجود ہیں، اور نہ کوئی متبادل راستہ دیا گیا۔
وادیٔ کاغان کے خوبصورت سیاحتی مقام مہانڈری میں پل کی تنصیب کا کام سیاحوں کے لیے آزمائش بن گیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی جانب سے پل کی تنصیب کے دوران سڑک کی بندش کے باعث چھ کلومیٹر طویل گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، جس میں خواتین اور بچے بھی گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ وہ تقریباً پانچ گھنٹوں سے مہانڈری کے مقام پر پھنسی ہوئی گاڑیوں میں موجود ہیں، اور نہ کوئی متبادل راستہ دیا گیا ہے، نہ ہی کوئی واضح انتظامی اطلاع۔ درجنوں گاڑیاں شدید گرمی اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہی ہیں۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پل کی تنصیب کا کام رات 12 بجے تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد ٹریفک بحال کر دی جائے گی۔
تاہم مقامی افراد اور سیاحوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ ایسے ترقیاتی کام سیاحتی سیزن سے ہٹ کر کیے جائیں تاکہ عوام کو مشکلات نہ اٹھانی پڑیں۔