ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار


محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور مرطوب موسم کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں مغرب کی سمت سے ہوا 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے جبکہ موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔
کراچی میں رات کے وقت درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ ہوا ہے، اور کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویوو برقرار ہے۔ ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر سکتا ہے۔ تاہم خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت 40، قلات میں 35، زیارت میں 30، ژوب میں 38، سبی میں 50، تربت میں 44، نوکنڈی میں 46، چمن میں 41، گوادر میں 35 اور جیوانی میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، دھوپ سے بچنے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر موسمی اثرات سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles