
لاہور کے علاقے والٹن اور اس کے نواحی علاقوں گوپال نگر اور نصیر آباد میں جمعرات کی صبح یکے بعد دیگرے زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس سے شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تین زوردار دھماکے پرانے ایئرپورٹ کی سمت سے سنائی دیے۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور فائر فائٹنگ وہیکلز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ابھی تک کسی سرکاری سطح پر دھماکوں کی نوعیت یا وجہ کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم سیکیورٹی ادارے صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 اپریل کی شب اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بھارتی حملے میں 31 معصوم شہریوں کی شہادت اور 57 زخمیوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ بھارتی حملے کے فوراً بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔
بعدازاں عسکری اور سیاسی حکام نے اعلان کیا کہ یہ بھارتی کارروائی کا جواب نہیں تھا بلکہ اصل جواب ابھی باقی ہے۔ وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فوج کو اپنے چنے ہوئے وقت، جگہ اور دستیاب وسائل کے زریعے جوابی کارروائی کی اجازت دے دی۔
جس کے بعد بھارت میں امرتسر کے حساس علاقے شری ہرمندر صاحب (گولڈن ٹیمپل) کے گردونواح میں رات بھر مکمل بلیک آؤٹ نافذ رہا۔ امرتسر کی مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور بیرونی لائٹیں بند رکھنے کی ہدایت کی، جس سے علاقے میں رات بھر خوف، کشیدگی اور بےچینی کی فضا پائی گئی۔
واضح رہے کہ سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور اور سیالکوٹ کی فضائی حدود کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جب کہ کئی اہم فضائی راستے کمرشل پروازوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔ ان ذرائع نے مزید بتایا کہ لاہور اور سیالکوٹ کے فضائی روٹس آج دوپہر 12 بجے تک بند رہیں گے۔ مدینہ منورہ سے لاہور آنے والی ایک بین الاقوامی پرواز کو بھی لاہور کی بجائے کراچی کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔