اداکارہ نرگس فخری کی بہن قتل کے الزام میں گرفتار
پاکستانی والد کی بیٹی امریکی نژاد بالی ووڈ اداکارہ نرگس فخری کی بہن عالیہ فخری کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ فخری کو نیویارک کے شہر کوئنز میں اپنے سابقہ بوائے فرینڈ اور اس کے دوست کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا گیا اور اس سے تفتیش کی جارہی ہے۔
عالیہ فخری پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک دو منزلہ مکان کو آگ لگائی جس کے نتیجے میں 35 سالہ ایڈورڈز جیکبز اور 33 سالہ ایناستاسیا ایڈین دھوئیں سے دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ اٹارنی نے بیان دیا کہ ایک عینی شاہد کے مطابق عالیہ 2 نومبر کی صبح مذکورہ مکان پر پہنچیں اور چیختے ہوئے کہا کہ ’آج تم سب مر جاؤ گے‘ اس کے بعد مکان میں آگ بھڑکتی ہوئی دیکھی گئی۔
تحقیقات کے مطابق حسد کو اس واقعے کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے اور اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو عالیہ فخری کو عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
کوئنز کرمنل کورٹ میں عالیہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے جبکہ اس کیس کی اگلی سماعت 9 دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔