رجب بٹ کی تنقید؛ فیصل قریشی فہد مصطفیٰ کی حمایت میں بول پڑے
مشہور پاکستانی فیملی ویلاگر رجب بٹ ان دنوں فہد مصطفیٰ کو فیملی ویلاگنگ سے متعلق دیے بیان پر جواب دینے کے بعد سے سرخیوں میں ہیں تاہم اب معروف اداکار فصیل قریشی بھی فہد کی حمایت میں بول پڑے ہیں۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار فصیل قریشی بھی فہد مصطفیٰ کی حمایت میں آگے آگئے ہیں اور انہوں نے اپنے جاری پیغام میں کہا کہ سوشل میڈیا بہت بے رحم ہو چکا ہے اور یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ عالمی سطح پر یہی صورتحال ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ آج کی نوجوان نسل زیادہ سمجھدار اور با اخلاق ہے، وہ جانتے ہیں کہ بڑوں کا احترام کیسے کرنا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انڈسٹری ایک صحیح سمت میں جا رہی ہے، اگر کسی نے ماضی میں کچھ کہا بھی تھا تو وہ کسی خاص شخص کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں کہا گیا ہو گا، یہ بات یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جس نے بھی وہ بات کہی تھی اس کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔
فصیل قریشی نے مزید کہا کہ فہد مصطفیٰ میرے لیے ایک چھوٹے بھائی کی طرح ہے اور میں اسے بہت اچھی طرح جانتا ہوں، ماضی میں ہمارے بھی اپنے سینئرز کے ساتھ کچھ اختلافات رہے لیکن میں نے کبھی ان کے خلاف بے ادبی یا بدتمیزی کا مظاہرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فہد مصطفیٰ نے تمام فیملی بلاگرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مواد بنانے کے لیے اپنے اہلخانہ کو فروخت کر رہے ہیں۔ جس پر رجب بٹ نے بھی فہد مصطفیٰ کو کڑا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ فہد مصطفیٰ کون ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ان لوگوں کا احترام نہیں کر سکتے جو بڑوں والے کام نہیں کرتے اور بڑے اپنی عزت خود کرواتے ہیں۔