عمران خان مضافات میں جلسے پر آمادہ، بشریٰ بی بی انکاری، بیرسٹر سیف کے اہم انکشافات


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف میں رابطہ ہوگیا ہے۔
مقامی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی کہ بیرسٹر سیف اور بانی پی ٹی آئی کے رابطے میں اسلام آباد میں جاری احتجاج سے متعلق گفتگو ہوئی ہے۔ مشیر اطلاعات نے بانی چیئرمین کو احتجاج سے متعلق تفصیلات بتائیں تو عمران خان نے انہیں مزید حکمت عملی بتادی۔
اخباری ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف رابطے کے دوران بانی پی ٹی آئی سے ملنے والی حکمت عملی سے متعلق علی امین گنڈاپور اور دیگر پارٹی قیادت کو آگاہی دیں گے۔
بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد کے مضافات میں جلسے کی تجویز دی گئی جس پر عمران خان نے آمادگی ظاہر کی تھی، لیکن بشریٰ بی بی نے کہا وہ ڈی چوک ہی جائیں گی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہ بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہمارا اعلان ڈی چوک سے متعلق تھا لیکن انتظامیہ کی طرف سے ڈی چوک کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی تجویز آئی کے اسلام آباد کے مضافات میں جلسہ کریں یہ تجویز ہم بانی پی ٹی آئی کے پاس لے کر گئے جس پر انہوں نے آمادگی کا اظہار کیا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ جب مضافات میں جلسے کی تجویز ساتھیوں سے ڈسکس کی تو ساتھیوں نے ماننے سے انکار کیا، بشریٰ بی بی نے کہا کہ وہ ڈی چوک ہی جائیں گی، اس وجہ سے تجویز قبول نہ ہوسکی۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ہمارے مطالبات پورے کیے بغیر مسئلہ خوشگوار انداز میں حل ہونا ممکن نہیں،گزشتہ رات کے مذاکرات میں احتجاج اور رہائی سے متعلق مثبت پیشرفت نہ ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی قانونی عمل سے ہونی ہے، اس قانونی عمل کا بٹن حکومت کے ہاتھ میں ہے، یہ مقدمات پر اثرانداز ہورہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ احتجاج کی وجہ یہی ہے کہ ہماری قیادت کے خلاف قانون کو غیر قانونی طریقے سے استعمال کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles