حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج، اپوزیشن اپنا تحریری مؤقف حکومت کو دے گی


حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج ہو رہا ہے، مذاکراتی کمیٹیوں کے رہنماؤں کی پارلیمنٹ ہاؤس میں آمد شروع ہوگئی ہے۔ تحریک انصاف آج اپنے تحریری مطالبات پیش کرے گی۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے آج مذاکرات ہوں گے، ہم آج اپنا تحریری مؤقف حکومت کو دیں گے، اب آگے حکومت کا ردعمل دیکھنا ہے کہ حکومت کتنی سنجیدگی دکھاتی ہے۔
اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم نے حکومت کو مذاکرات کے نتائج نکالنے کا موقع دیا ہے، اب یہ دیکھنا ہے کہ حکومت ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے کیا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے حوالے سے ہمارا مؤقف وہی ہے، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم مذاکرات کر رہے ہیں۔
حکومت نے معاملات درست نہ کیے تو یہ آخری بیٹھک ہے، بیرسٹر علی ظفر
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر علی ظفر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے دوٹوک ہدایت دی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ اگر حکومت نہیں مانتی تو پھر آئندہ بیٹھک نہیں ہوگی، اگر آج ہمارے دو مطالبات نہ مانے گئے تو پھر دوبارہ مذاکرات نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج حکومت نے معاملے کو آگے بڑھایا تو مذاکرات آگے چلیں گے، اگر حکومت نے معاملات درست نہ کیے تو یہ آخری بیٹھک ہے۔
مطالبات پر 31 جنوری سے پہلے اپنا جواب دیں گے، سینیٹر عرفان صدیقی
دوسری جانب حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ حکومت پی ٹی آئی کے مطالبات پر 31 جنوری سے پہلے اپنا جواب دے دے گی، مذاکرات میں بھی کوئی معجزہ ہوسکتا ہے، باہر جہاں بھی مذاکرت ہو رہے ہوں ہوتے رہیں، ہمیں تو ہمارے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے سروکار ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles