پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کی ایک ساتھ نمازِ جمعہ کی ادائیگی، تصاویر وائرل

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اے سی سی مینز رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل سے قبل پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے کھلاڑیوں نے ایک ساتھ نمازِ جمعہ ادا کرکے اخوت اور بھائی چارے کی خوبصورت مثال قائم کی، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

جمعہ 27 نومبر کو دوحہ کے ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلے سے قبل دونوں ٹیموں کے مسلم کھلاڑیوں اور اسٹاف ارکان نے ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر باجماعت نمازِ جمعہ ادا کی۔

روایتی طور پر حریف ٹیموں کی حیثیت سے میدان میں اترنے والے کھلاڑیوں کا اس موقع پر ایک ساتھ نماز ادا کرنا سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ کا مرکز بن گیا۔

نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے دوران بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں، جہاں کرکٹ شائقین اس منظر کو کھیل سے بالاتر مذہبی ہم آہنگی اور باہمی احترام کی ایک خوبصورت مثال قرار دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ دوسرے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلہ دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے، فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے اتوار 29 نومبر کو ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles