مائیکروسافٹ نے ’کوڈ ریڈ‘ جاری کردیا، وجہ کیا ہے؟

مائیکروسافٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے سروس تعطل کے بعد کمپنی نے ’کوڈ ریڈ‘ کے نام سے ہنگامی مہم شروع کر دی ہے۔ 12 اور 13 نومبر کو ہونے والی اس بندش کے باعث دنیا بھر میں ای میل، ویڈیو کالز اور دیگر ڈیجیٹل خدمات متاثر ہوئیں، جس سے سرکاری اداروں، کاروباری کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کمپنی کے اندرونی میموز کے مطابق، اس مہم کا مقصد مستقبل میں ایسی خرابیوں کو روکنا اور کسی بڑے تکنیکی مسئلے کی صورت میں خدمات کی بحالی تیز کرنا ہے۔ مائیکروسافٹ نے مستقبل میں عالمی سطح پر ایک گھنٹے کے اندر خدمات بحال کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، مائیکروسافٹ کی خدمات دو دن تقریباً 24 گھنٹے تک متاثر رہیں۔ اس دوران آسٹریلیا، جاپان اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں سرکاری اداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مالیاتی کمپنیوں کی تجارت میں تاخیر ہوئی اور فضائی کمپنیوں کے رابطے بھی متاثر ہوئے۔

اس بندش نے اہم ڈیجیٹل نظاموں پر بڑھتے ہوئے انحصار اور ان کی کمزوریوں سے متعلق خدشات کو بھی جنم دیا۔ مائیکروسافٹ نے واضح کیا کہ اس واقعے کا تعلق کسی سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس سے نہیں تھا۔

کمپنی کے مطابق، اس خرابی کی وجہ ونڈوز کے نظام میں ایک تکنیکی خامی تھی، جو جولائی میں متعارف ہوئی لیکن بروقت سامنے نہیں آ سکی۔ مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ستیا ناڈیلا نے بھی اس خلل پر عوامی طور پر معذرت کی تھی۔

مائیکروسافٹ 365 کے بنیادی نظام کے سربراہ جیسن ہینڈرسن نے جمعے کو ملازمین کو بھیجے گئے میمو میں اس واقعے کو ایکسچینج آن لائن کی تاریخ کا صارفین کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا واقعہ قرار دیا۔

ایکسچینج آن لائن مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ پر مبنی ای میل سروس ہے، جس کے ذریعے صارفین انٹرنیٹ پر اپنے ای میل اکاؤنٹس استعمال کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ آؤٹ لک، ٹیمز، کوپائلٹ اور مائیکروسافٹ 365 کی دیگر خدمات بھی متاثر ہوئیں۔

ہینڈرسن کے مطابق، اس سے پہلے کبھی اتنے زیادہ صارفین اتنی طویل مدت تک ای میل کی سہولت سے محروم نہیں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کوڈ ریڈ کا مطلب ہے کہ اس کام کو کمپنی کی ٹیموں کے لیے سب سے زیادہ ترجیح حاصل ہے۔

مائیکروسافٹ کی کارپوریٹ نائب صدر امانڈا سلور کے مطابق، حالیہ بندش کے دوران انجینئرز کو خرابی کی وجوہات سمجھنے اور فیصلوں پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس دوران ٹیمز کی 11 چیٹس میں 11 ہزار سے زیادہ پیغامات کا تبادلہ ہوا، لیکن خرابی سے متعلق معلومات مختلف اندرونی نظاموں میں بکھری ہونے کے باعث صورت حال کی واضح تصویر سامنے لانا مشکل رہا۔

کمپنی کے ایگزیکٹو نائب صدر چارلس لامانا نے کہا کہ متاثرہ نظام کا متعلقہ حصہ گزشتہ تقریباً دس برس کے دوران کئی ایسی خرابیوں سے گزرا جنہیں قابل قبول سمجھا جاتا رہا، تاہم حالیہ واقعے نے ان خامیوں کی سنگینی واضح کر دی۔

مائیکروسافٹ نے ’کوڈ ریڈ‘ کے تحت نظام پر دباؤ کم کرنے، مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ ٹریفک تقسیم کرنے اور خدمات کی بحالی تیز کرنے سمیت پانچ شعبوں میں کام شروع کیا ہے۔ کمپنی مستقبل میں دنیا بھر میں ایک گھنٹے کے اندر سروس بحال کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کے ایجنٹس بھی استعمال کرے گی، جبکہ انجینئرنگ ٹیموں کی پیش رفت کا روزانہ اور ہفتہ وار جائزہ لیا جائے گا۔

کمپنی کے ترجمان کے مطابق، مائیکروسافٹ کا مقصد صرف خرابی دور کرنا نہیں بلکہ مستقبل میں ایسی رکاوٹوں کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کرنا ہے۔

مائیکروسافٹ کے اندرونی میمو کے مطابق، کمپنی کے سافٹ ویئر میں فوری تکنیکی اصلاحات دنیا بھر میں نافذ کرنے میں بھی تاخیر ہو رہی ہے۔ ہینڈرسن نے بتایا کہ ایک حالیہ واقعے میں ضروری اصلاح کو دنیا بھر میں نافذ کرنے میں پانچ سے چھ دن لگے تھے۔

ان کے مطابق، سکیورٹی کے اہم مسائل کی صورت میں خرابی کی نشاندہی سے لے کر محفوظ اپ ڈیٹ کی عالمی سطح پر تنصیب تک کا عمل ایک گھنٹے میں مکمل ہونا چاہیے، تاہم کمپنی ابھی اس ہدف تک نہیں پہنچی۔ کوڈ ریڈ کے تحت مائیکروسافٹ ان خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں ایسی بندشوں سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles