گاڑی میں سفر کا نیا تصور، عمودی پرواز کرنے والی گاڑی کی ویڈیو وائرل

سڑک پر سفر کرتے ہوئے اچانک کسی ایسی رکاوٹ کا سامنا ہو جائے جسے عبور کرنا ممکن نہ ہو تو کیا گاڑی ہوا میں اڑ کر آگے بڑھ سکتی ہے؟ چین میں تیار کی گئی ایک نئی اڑنے والی گاڑی اسی تصور کو عملی شکل دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ یہ گاڑی عمودی طور پر پرواز کر سکتی ہے اور زمین پر واپس اترنے کے بعد عام سڑکوں پر بھی چل سکتی ہے۔

چین کے وسطی صوبے ہونان کے شہر چانگشا میں اس گاڑی کا حال ہی میں پہلی بار مظاہرہ کیا گیا۔ اسے تیار کرنے والی کمپنی ژونگ فی اسمارٹ مینوفیکچرنگ کے مطابق، یہ گاڑی نہ صرف رن وے کے بغیر اڑان بھرنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلکہ پرواز کے بعد دوبارہ سڑک پر سفر بھی کر سکتی ہے۔

’چائنا ڈیلی‘ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کے تیار کردہ اس نمونے نے اتوار کو شہر یی یانگ میں مختلف حالات کے تحت آزمائشوں میں حصہ لیا۔ اس سے ایک روز قبل اس نے چانگشا کے ایک جنرل ایوی ایشن ایئرپورٹ سے اپنی پہلی پرواز کی تھی۔

یہ گاڑی بظاہر روایتی گاڑیوں سے مختلف ہے، کیونکہ اس میں پرواز کے لیے عام جہازوں کی طرح پر نہیں لگائے گئے۔ اس کے بجائے اسے ہوا میں اٹھانے اور آگے بڑھانے کے لیے ایک خاص نظام استعمال کیا گیا ہے، جس میں ہوا کے دباؤ اور اس کے رخ کو تبدیل کرکے گاڑی کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔

کمپنی کے مطابق، اس گاڑی میں ایک جدید نظام استعمال کیا گیا ہے جو اسے عمودی طور پر اڑان بھرنے، ہوا میں ایک جگہ ٹھہرنے اور واپس زمین پر اترنے کی صلاحیت دیتا ہے۔ اس نظام میں ہوا کو دھکیلنے والے پنکھے گاڑی کے اندر نصب ہیں، جو اسے اوپر اٹھانے اور پرواز کے دوران اس کا توازن برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا پہلا ایسا طیارہ ہے جس میں انسان کے بیٹھ کر پرواز کرنے کی سہولت موجود ہے اور اسے عمودی طور پر اڑانے والی یہ جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔

پروں کے بغیر پرواز کیسے ممکن ہے؟

عام ملٹی روٹر طیاروں میں پنکھے یا روٹر کھلے ہوتے ہیں اور ان کی رفتار میں فرق پیدا کرکے طیارے کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔ اس کے برعکس نئی اڑنے والی گاڑی میں ہوا کو دھکیلنے والے پنکھوں کو مخصوص نالیوں کے اندر نصب کیا گیا ہے۔

کمپنی کے تکنیکی سربراہ یانگ یانگ کے مطابق، اس نظام میں ہوا کے دباؤ کا رخ تبدیل کرکے گاڑی کو اوپر اٹھایا اور اس کی بلندی کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے اسے اڑان بھرنے یا اترنے کے لیے طویل رن وے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

یانگ کا کہنا ہے کہ پنکھوں کو نالیوں کے اندر رکھنے سے کھلے روٹرز سے وابستہ حفاظتی خطرات کم ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق، پرواز کے دوران یہ ڈیزائن شور اور توانائی کے استعمال میں بھی کمی کا باعث بنتا ہے۔

کمپنی کے مطابق، اس گاڑی کی زیادہ سے زیادہ پرواز کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، جبکہ یہ ایک مرتبہ مکمل توانائی حاصل کرنے کے بعد 300 کلومیٹر تک پرواز کر سکتی ہے۔

یہ ایک نشست والی گاڑی ہے اور اس کا زیادہ سے زیادہ وزن، اڑان بھرتے وقت، 280 کلوگرام تک ہو سکتا ہے۔ اس میں 120 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اس کی ڈیزائن کردہ پرواز کی زیادہ سے زیادہ بلندی 3 ہزار میٹر ہے، تاہم عام حالات میں اسے تقریباً 100 میٹر کی بلندی پر چلانے کا منصوبہ ہے۔

آزمائشوں کے بعد اگلا مرحلہ کیا ہے؟

کمپنی کے مطابق، گاڑی کو شہری علاقوں کے پیچیدہ ماحول، خراب موسم جیسی مصنوعی طور پر پیدا کی گئی صورتحال اور مختلف عملی حالات میں آزمایا گیا ہے۔

ابتدائی محدود پیمانے کی آزمائشیں مکمل ہونے کے بعد اب یہ گاڑی پروڈکشن سے پہلے کے آزمائشی مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ اس مرحلے میں اس کے ڈیزائن اور کارکردگی کو مزید جانچا جائے گا تاکہ اسے تیار کرنے کے اگلے مراحل کی طرف بڑھایا جا سکے۔

کمپنی کے تکنیکی سربراہ یانگ یانگ نے بتایا کہ ان کی ٹیم ایک بڑے ماڈل کا تکنیکی ڈیزائن بھی مکمل کر چکی ہے۔ ان کے مطابق، مستقبل میں اس گاڑی کے بڑے ماڈلز میں 15 افراد تک سفر کر سکیں گے۔

تاہم کمپنی فی الحال اسے عام صارفین کے لیے فروخت کرنے کے بجائے ہنگامی امداد اور بچاؤ کے کاموں میں استعمال کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔

زلزلے اور سیلاب میں کیسے مدد مل سکتی ہے؟

اڑنے والی اس گاڑی کا ایک اہم ممکنہ استعمال ایسے علاقوں میں امدادی کارروائیاں ہیں جہاں سڑکیں تباہ ہو چکی ہوں یا زمینی راستے بند ہوں۔

یانگ یانگ کے مطابق، زلزلے، سیلاب یا مٹی کے تودے گرنے جیسے واقعات میں امدادی ٹیمیں اس گاڑی کو سڑک کے ذریعے متاثرہ علاقے کے قریب لے جا سکتی ہیں۔ اگر آگے جانے کا راستہ بند ہو تو یہ عمودی طور پر اڑان بھر کر اس علاقے تک پہنچ سکتی ہے۔

اس صلاحیت کی وجہ سے اسے آگ بجھانے، ہنگامی امداد اور قدرتی آفات کے دوران بچاؤ کے کاموں میں استعمال کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق، اس کے علاوہ یہ گاڑی سامان کی مختصر فاصلے تک ترسیل اور محدود فاصلے کے مسافر سفر کے لیے بھی استعمال ہو سکتی ہے۔ تاہم ان شعبوں میں اس کا عملی استعمال کب شروع ہوگا، اس بارے میں کوئی حتمی وقت نہیں بتایا گیا۔

چین میں کم بلندی پر پرواز کرنے والی صنعت

چین میں کم بلندی پر پرواز کرنے والے طیاروں اور دیگر آلات کی صنعت کو گزشتہ کئی برسوں سے حکومتی سطح پر اہمیت دی جا رہی ہے، جس میں ڈرونز، چھوٹے طیارے اور ایسے دیگر آلات شامل ہیں جو نسبتاً کم بلندی پر پرواز کرتے ہیں۔

صوبہ ہونان نے بھی عمومی ہوا بازی اور کم بلندی پر پرواز کرنے والے آلات کو اپنی اہم صنعتی ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔

صوبائی اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال ہونان میں کم بلندی کی معیشت سے وابستہ صنعتی سرگرمیوں کی مجموعی مالیت 160 ارب یوآن سے تجاوز کر گئی تھی، جبکہ اس صنعت سے منسلک کمپنیوں کی تعداد 2 ہزار 200 سے زیادہ تھی۔

بغیر پروں والی اس اڑنے والی گاڑی کی تیاری اسی صنعتی پیش رفت کا حصہ ہے۔ فی الحال یہ آزمائشی مرحلے میں ہے اور اسے عام استعمال کے لیے دستیاب ہونے سے پہلے مزید جانچ اور تیاری کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles