
سندھ حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 18 کے پانچ افسران کی بلوچستان منتقلی پر وفاقی حکومت سے احکامات واپس لینے کی درخواست کردی ہے۔
سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کو خط لکھ کر پانچوں افسران کو سندھ سے ریلیو نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان افسران کی دوسرے صوبے میں منتقلی سے پہلے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مشاورت نہیں کی گئی، جو قواعد کی خلاف ورزی ہے۔
بلوچستان منتقل کیے جانے والے افسران میں ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ، ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا، ایس ایس پی سکھر احمد فیصل چوہدری، ایس ایس پی مٹیاری عبدالعلیم اور ایس ایس پی ٹنڈو محمد خان حسیب جاوید سومرو میمن شامل ہیں۔
سندھ حکومت نے خط میں نشاندہی کی ہے کہ صوبے میں پہلے ہی ایس ایس پی کی 41 آسامیاں خالی ہیں۔ پانچ مزید افسران کی بلوچستان منتقلی سے خالی آسامیوں کی تعداد بڑھ کر 46 ہوجائے گی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران کی بین الصوبائی منتقلی سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سے مشاورت ضروری تھی، تاہم ان تبادلوں کے معاملے میں ایسا نہیں کیا گیا۔
سندھ حکومت نے وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ پانچوں افسران کی بلوچستان منتقلی کے احکامات واپس لیے جائیں اور انہیں ان کی موجودہ ذمہ داریوں سے ریلیو نہ کیا جائے۔
صوبائی حکومت نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ آئندہ سندھ سے دوسرے صوبوں یا دوسرے صوبوں سے سندھ میں پولیس افسران کی منتقلی کا فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ کی مشاورت سے کیا جائے۔