یورپ کے 25 سے زائد ممالک میں 'جین زی' سڑکوں پر کیوں نکل آئی ہے؟

یورپ کے مختلف ممالک میں جین زی مہنگائی، بڑھتے کرایوں، تعلیمی اداروں کی خراب صورت حال، دفاعی اخراجات میں اضافے اور ماحولیاتی بحران کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اٹلی، جرمنی، آسٹریا اور برطانیہ سمیت کئی ممالک میں ہونے والے ان مظاہروں میں ہزاروں افراد شریک ہیں جنہوں نے حکومتوں پر نوجوان نسل کے مسائل نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

یہ مظاہرے نوجوانوں اور طلبہ کی 50 سے زائد تنظیموں پر مشتمل اتحاد کی کال پر شروع ہوئے ہیں جس میں شرکاء دفاعی اخراجات کے بجائے تعلیم، رہائش اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود پر رقم خرچ کرنے کے مطالبات کے ساتھ شریک ہیں۔

مظاہروں میں شریک افراد نے پلے کارڈز اٹھا رکھے ہیں جن پر ’ہمارے مستقبل کے لیے لڑو‘ جیسے نعرے درج لکھے دیکھے جاسکتے ہیں جب کہ بعض مقامات پر مظاہرین نے شعلے روشن کیے اور ٹینکوں کے گتے سے بنے ماڈلز کو بھی نذرِ آتش کیا۔

رپورٹ کے مطابق یورپ کے 20 سے زائد ممالک میں جاری احتجاج کی وجوہات مقامی حالات کے مطابق مختلف ہیں۔ جس میں اسرائیل کی غزہ میں جاری بربریت، رہائش کے بڑھتے اخراجات اور اسکولوں و جامعات میں تعلیمی سہولتوں کی خراب صورتحال شامل ہیں۔

یورپ میں یہ مظاہرے کئی ممالک میں ہفتوں سے جاری احتجاجی سرگرمیوں کے بعد سامنے آئے ہیں۔ ان کا ایک اہم محرک فرانس کے اسکولوں میں طلبہ کے طویل احتجاج کو قرار دیا جا رہا ہے۔

فرانس میں ’یلو ویسٹ‘ تحریک کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر تعلیمی اصلاحات اور مہنگائی کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ ’یلو ویسٹ‘ تحریک نے 2018 اور 2019 میں صدر ایمانوئل میکرون کی حکومت کو بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کے ذریعے دباؤ میں رکھا تھا۔

آسٹریا میں پولیس نے سڑکوں پر احتجاج کرنے والے طلبہ کو منتشر کرنے کے لیے مرچوں کے اسپرے کا استعمال کیا۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تقریباً ایک ہزار طلبہ نے ممکنہ طور پر لازمی فوجی سروس کی بحالی کے خدشات کے خلاف مظاہرہ کیا۔

اٹلی کے دارالحکومت روم، میلان اور دیگر شہروں میں بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکلے۔ جب کہ ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین ’سی جی آئی ایل‘ نے بھی جمعے کو وزیر اعظم جارجیا میلونی کی معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال کا بھی اعلان کر رکھا تھا۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں پارلیمنٹ کے باہر بھی سیکڑوں مظاہرین جمع ہوئے، جن میں بعض طلبہ اسکول یونیفارم میں تھے۔

لندن میں نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے مظاہرے میں شرکا نے ایسے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر جنگ، نسل پرستی، موسمیاتی بحران اور سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف نعرے درج تھے۔

اسپین میں بھی سابق آمر فرانسسکو فرانکو کی وفات کی برسی کے موقع پر جمعے کو مظاہرے منعقد ہوئے۔

یورپی حکومتوں پر نوجوانوں کا دباؤ کیوں بڑھ رہا ہے؟

یورپ میں نوجوانوں کے احتجاج کا دائرہ صرف فوجی اخراجات تک محدود نہیں بلکہ سستی رہائش، بہتر عوامی سہولیات اور معاشرتی مساوات کے مطالبات بھی اس مہم کا حصہ ہیں۔

یورپ کے مختلف ممالک میں جاری یہ احتجاجی تحریک اب نوجوانوں کے مشترکہ معاشی، سماجی اور سیاسی مطالبات کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

منتظمین کا مؤقف ہے کہ حکومتیں دفاعی صلاحیت بڑھانے اور عالمی تنازعات پر توجہ دے رہی ہیں، جبکہ تعلیم، صحت، رہائش اور نوجوانوں کی فلاح کے شعبے نظرانداز ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles