ن لیگ کے وزراء صوبے بنانا چاہتے ہیں تو اپنے علاقوں میں بنائیں: سعید غنی


صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں کو سندھ میں نئے صوبے بنانے کی بات کرنے کا کوئی حق نہیں اور سندھ سے متعلق کسی بھی فیصلے کا اختیار صرف یہاں کے عوام اور منتخب نمائندوں کو حاصل ہے۔
کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے وفاقی وزراء خواجہ آصف، علیم خان اور طلال چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جن رہنماؤں کا تعلق سندھ سے نہیں، وہ سندھ میں نئے صوبے کے قیام کی بات کرنے کے بجائے اپنے علاقوں میں جا کر لوگوں کو اعتماد میں لیں اور وہاں نئے صوبے بنا لیں۔
وزیرِ مملکت طلال چوہدری کے اس بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ نئے صوبوں کے قیام کا آغاز سندھ سے ہوگا، سعید غنی نے کہا کہ یہ انتہائی باعثِ حیرت اور عجیب بات ہے کہ اس مہم کا آغاز سندھ سے کرنے کی بات کی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ان رہنماؤں کو نئے صوبے بنانے کا اتنا ہی شوق ہے تو وہ جس صوبے کی نمائندگی کرتے ہیں، اپنی صوبائی اسمبلی میں جائیں اور اس کے فضائل بتائیں۔

تمام صوبوں میں قراردادیں لانے کا مطالبہ
سعید غنی نے کاہ کہ جس طرح انہیں یہ حق حاصل نہیں کہ وہ پنجاب میں نئے صوبے بنانے کی بات کریں، اسی طرح پنجاب کے رہنماؤں کو بھی سندھ میں نئی اکائیاں بنانے کی بات کرنے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئے صوبے بنانے کے خواہش مند افراد تمام صوبوں کی اسمبلیوں میں اس حوالے سے قراردادیں منظور کرائیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی یہ بحث پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی، بلکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اختلاف کا اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے عوام کے سامنے اس معاملے کا دوسرا رخ پیش کیا ہے، کیونکہ اگر کسی موضوع کے حق میں دلائل دیے جا سکتے ہیں تو اس سے اختلاف کرنا بھی ہر کسی کا حق ہے۔
ایم کیو ایم پر تنقید

سعید غنی نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا تعلق چوں کہ سندھ سے ہے اس لیے وہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کر سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے خالد مقبول صدیقی کو ’را‘ کا ایجنٹ قرار دیا تھا، اور آج وہی لوگ صوبوں کے قیام کی بات کر رہے ہیں جن کی اپنی حب الوطنی کو مشکوک قرار دیا جاتا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے سیاسی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ سیاسی اختلافات کو عدم استحکام کا باعث نہ بننے دیں، اور یاد دلایا کہ سندھ میں ماضی میں زبان اور لسانیت کی بنیاد پر لوگوں کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles