
ڈھاکا میں بلائنڈ ایشیا کپ ٹی 20 کے سنسنی خیز مقابلے سے قبل بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اپنے کرکٹرز کو اخلاقیات کا سبق سکھادیا تاہم پاکستانی اور بھارتی ٹیموں کے کپتانوں نے ہاتھ ملا کر کھیل کے اچھے جذبے کا مظاہرہ کیا۔
بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں جاری بلائنڈ ایشیا کپ ٹی 20 میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان گلزار ہادی نے پاکستانی کپتان عیسیٰ علی سے ہاتھ ملایا اور کھیل میں بہترین اخلاق کا مظاہرہ کیا جب کہ دونوں کپتانوں کے مصافحے کو کرکٹ کے حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف مینز اور ویمنز کرکٹ مقابلوں کے موقع پر بھارتی کپتانوں اور کھلاڑیوں کی جانب سے روایتی انداز میں ہاتھ ملانے سے اجتناب کیا جاتا رہا ہے۔
بھارت کے اس طرز عمل کو بدتر ین اور غیر اخلاقی ہونے کے ساتھ اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی تصور کیا گیا تاہم بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے مثبت تاثر ابھر کر سامنے آیا ہے اور کرکٹ کے حلقوں میں یہ رویہ داد اور تحسین پا رہا ہے۔
دوسری جانب میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 180 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنر نثار علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 64 رنز اسکور کیے۔ میچ آخری اوور تک سنسنی خیز مرحلے میں پہنچ گیا اور پاکستان کو آخری دو گیندوں پر 7 رنز درکار تھے۔
ایسے موقع پر جنید نے چھکا لگا کر پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کردی۔ قومی ٹیم نے آخری گیند پر ایک وکٹ کے نقصان پر مقررہ ہدف حاصل کرتے ہوئے بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ فتح کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور جشن منایا۔
پاکستان نے ایونٹ میں اس سے قبل بنگلادیش کو 126 رنز سے شکست دی تھی جب کہ سری لنکا کے خلاف بھی 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
بھارت کے خلاف فتح کے ساتھ قومی ٹیم نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنالی جب کہ بلائنڈ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل 20 نومبر کو کھیلا جائے گا۔