
لاہور کے علاقے کاہنہ میں شیر کے حملے سے شہری طلحہ کے جاں بحق ہونے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں جاں بحق نوجوان کے قانونی ورثا نے گرفتار دونوں ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کو معاف کر دیا، جس کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ قیصر ریاض نے ماڈل ٹاؤن کچہری میں مقدمے کی سماعت کی۔ اس موقع پر پولیس نے گرفتار ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کو عدالت میں پیش کیا اور تفتیش کے لیے دونوں کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔
عدالت کے تحریری حکم کے مطابق دوران سماعت جاں بحق نوجوان طلحہ کے قانونی ورثا بھی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنا بیان ریکارڈ کرایا کہ وہ اللہ کی رضا کی خاطر دونوں ملزمان کو معاف کرتے ہیں۔ ورثا نے اپنے بیان کی تصدیق کے لیے بیان حلفی بھی عدالت میں جمع کرایا۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے ملزمان کے ساتھ راضی نامے کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے سنگین جرم کیا ہے، اس لیے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ مزید تفتیش کی جاسکے۔
تاہم عدالت نے پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو جوڈیشل کرنے کا حکم دیا اور فیاض احمد اور نعمان حسن کی 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے کاہنہ میں شیر کے حملے کے نتیجے میں شہری طلحہ جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے اس سلسلے میں فیاض احمد اور نعمان حسن کو گرفتار کیا تھا۔ مقدمے میں پیش رفت کے بعد اب مقتول کے قانونی ورثا نے دونوں گرفتار ملزمان کو معاف کردیا ہے، جس کے بعد عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرلی۔