
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ہفتہ وار بنیادوں پر مسلسل زوال کی جانب گامزن ہیں کیونکہ امریکا کی جانب سے ایران پر تیل کی ناکہ بندی جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا گیا ہے۔
امریکا کے اس اعلان کے بعد مشرق وسطیٰ میں تیل کی سپلائی کو شدید متاثر کرنے والی کسی بھی بڑی جنگ کے امکانات میں کمی آئی ہے، اگرچہ بحری جہازوں پر حملے بدستور ایک خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کے سودے معمولی تبدیلی کے بعد ایک سینٹ کی کمی سے 95.41 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کے سودے 20 سینٹ یا 0.25 فیصد کی کمی کے ساتھ 88.52 ڈالر فی بیرل پر ریکارڈ کیے گئے۔
قیمتوں کے اس اتار چڑھاؤ والے ہفتے کے دوران جمعرات کو قیمتوں میں ہونے والی کمی پچھلے دو دنوں کے اثرات کو زائل کرتی نظر آئی، کیونکہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے کی ابتدائی امیدیں دم توڑ گئیں کیونکہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور خلیجی ریاستوں سے خام تیل لے جانے والے ٹینکرز کو نشانہ بنانے کے واقعات نے مارکیٹ کو متلاطم رکھا۔
غیر یقینی جنگی صورتحال کے درمیان قیمتوں کے ان اتار چڑھاؤ کے باوجود برینٹ کروڈ اس ہفتے 2.4 فیصد کمی کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ اس سے پچھلے ہفتے اس میں 16 فیصد کی بڑی گراوٹ آئی تھی، اسی طرح ڈبلیو ٹی آئی میں بھی اس ہفتے 2.5 فیصد کمی متوقع ہے جو کہ پچھلے ہفتے کے 13 فیصد زوال کے بعد سامنے آئی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر دیے گئے اس بیان کے بعد تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی کہ ”جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی ضرورت نہیں ہے“، جس سے اشارہ ملتا ہے کہ وہ تیل کی ترسیل، تجارت اور معاشی پابندیوں کے حوالے سے سخت ناکہ بندی برقرار رکھیں گے۔
میلبورن سے تعلق رکھنے والے بروکریج ادارے مائی ٹریڈ کے گلوبل ایڈوائزر کرس برینکن کا کہنا ہے کہ پچھلے دو ہفتوں کے دوران قیمتوں میں مجموعی کمی مارکیٹ کے خطرات کے درست تخمینے کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت تیل کی مارکیٹ کے نرخ ہر لحاظ سے متوازن ہیں اور اگرچہ قیمتوں میں کچھ بحالی ضرور ہوئی ہے لیکن تاجروں کی جانب سے اس میں کوئی پختہ یقین دکھائی نہیں دیتا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
قیمتوں میں قدرے نرمی کے باوجود آبنائے ہرمز سے خام تیل کی ترسیل پر خطرات کے بادل تاحال منڈلا رہے ہیں، جو کہ مشرق وسطیٰ کے بڑے پروڈیوسرز کی تیل کی برآمدات کا بنیادی بحری راستہ ہے۔
جمعرات کے روز ایرانی فوج کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ خبردار کرنے کے باوجود آبنائے ہرمز میں دھماکوں کے ذریعے چار تیل بردار ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسی روز یمن کے حوثیوں نے بھی اعلان کیا کہ انہوں نے سعودی عرب کی مشرق مغرب پائپ لائن پر ایک پمپنگ اسٹیشن، بحیرہ احمر کے سعودی شہر ینبع میں واقع تیل کی تنصیب اور دارالحکومت ریاض میں آرامکو کی ایک عمارت پر حملے کیے ہیں۔
تیل کی قیمتوں پر دباؤ ڈالنے والے دیگر عوامل میں امریکی توانائی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کی جمعرات کو جاری کردہ وہ رپورٹ بھی شامل ہے جس کے مطابق ریفائنڈ مصنوعات کی کم طلب اور تیل کے درآمدی نرخوں میں اضافے کے باعث گزشتہ ہفتے امریکی خام تیل اور ایندھن کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چھ نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کے ذخائر 4.7 ملین بیرل اضافے کے ساتھ 414.4 ملین بیرل تک پہنچ گئے، جبکہ رائٹرز کے پول میں ماہرین نے صرف 1.1 ملین بیرل کمی کی توقع ظاہر کی تھی۔
دوسری جانب پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
وفاقی حکومت نے جمعرات کو مسلسل تیسرے روز پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل سستا کیا۔ واضح رہے کہ 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 38 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، وہیں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 34 مرتبہ کمی ہوئی اور 45 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔