مصنوعی ذہانت کی غلطیاں کئی انسانی جانیں لے سکتی ہیں: اے آئی ماہر کا دعویٰ

مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے تیزی سے بڑھتے ہوئے استعمال نے جہاں دنیا میں نئی سہولتیں پیدا کی ہیں، وہیں اس کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بھی تشویش بڑھ رہی ہے۔ اوپن اے آئی فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر اور مصنوعی ذہانت کی حفاظت کے ماہر پال کرسچیانو نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین سال کے دوران اے آئی انسانوں کے کنٹرول سے باہر نکل سکتی ہے، جبکہ اس ٹیکنالوجی سے ہونے والی غلطیاں انسانی ہلاکتوں کی بڑی وجہ بھی بن سکتی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پال کرسچیانو نے یہ خدشات معروف ماہرِ مصنوعی ذہانت جیفری ہنٹن کی میزبانی میں منعقد ہونے والے ’دی ہنٹن لیکچرز 2026‘ کے دوران ظاہر کیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں اگلے تین سال کے اندر اے آئی کے انسانوں پر قابض ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہے۔

پال کرسچیانو نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی کے دنیا پر قبضے کا مطلب یہ ہوگا کہ انسانوں کے بجائے مصنوعی ذہانت کے نظام اہم فیصلے کرنے لگیں گے اور زمین پر ہونے والے معاملات کا اختیار ان کے ہاتھ میں چلا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص، حتیٰ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اے آئی کے نظام کو روکنا چاہیں تو ان کی کوششیں بھی بے اثر ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے اس صورت حال کا موازنہ ایک عام شخص کی جانب سے امریکی فوج کو اکیلے روکنے کی کوشش سے کیا۔

اے آئی کے ممکنہ خطرات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس تقریب میں موجود زیادہ تر افراد کی موت کی سب سے ممکنہ وجہ مصنوعی ذہانت سے ہونے والا کوئی حادثہ ہوسکتا ہے۔

اگرچہ انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اے آئی سے ہونے والا ایسا حادثہ کس نوعیت کا ہوسکتا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کی تیاری اور ترقی سے جڑے خطرات غیر معمولی حد تک زیادہ ہیں۔

پال کرسچیانو نے خبردار کیا کہ اگر انسانوں کی ہلاکتیں نہ بھی ہوں تو اے آئی کا مکمل اختیار حاصل کرلینا انسانی خودمختاری کے خاتمے کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے تیزی سے اے آئی تیار کرنے کی دوڑ پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ٹیکنالوجی کو زیادہ سے زیادہ رفتار اور آسان طریقوں سے تیار کیا گیا تو انسانیت کے اپنے کنٹرول سے محروم ہونے کا خطرہ تقریباً 50 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب پال کرسچیانو نے مصنوعی ذہانت کے خطرات سے خبردار کیا ہو۔ رواں سال ستمبر میں بھی انہوں نے اندازہ ظاہر کیا تھا کہ ایک سال کے اندر انسانوں کے اے آئی پر کنٹرول مکمل طور پر کھونے کا خطرہ 4 فیصد جبکہ تین سال کے اندر یہ امکان 15 فیصد ہوسکتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا تھا کہ یہ اعداد و شمار ان کے ذاتی اندازوں پر مبنی ہیں۔

دوسری جانب مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس بھی خبردار کر چکے ہیں کہ مصنوعی ذہانت بڑے پیمانے پر انسانی ہلاکتوں کا سبب بن سکتی ہے اور اس حوالے سے فوری قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔

اے آئی کے ضابطوں اور نگرانی کے معاملے پر ٹیکنالوجی کی دنیا میں اختلافات بھی موجود ہیں۔ اینتھروپک کے سربراہ ڈاریو اموڈی اور اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین سمیت کئی شخصیات مصنوعی ذہانت کے لیے مؤثر قوانین اور حفاظتی اقدامات کی حمایت کر چکی ہیں۔

تاہم میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ اور این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کی جانب سے اے آئی کی ترقی کو محدود کرنے کے مطالبات سے اختلاف کیا گیا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس ٹیکنالوجی کی ترقی روکنے کی مخالفت کر چکے ہیں۔

اگرچہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے محفوظ اے آئی کی تیاری کے لیے ٹرمپ کے تحت رضاکارانہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، تاہم مصنوعی ذہانت کی تیز رفتار ترقی، اس کے ممکنہ نقصانات اور انسانی کنٹرول برقرار رکھنے کے حوالے سے بحث بدستور جاری ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles