ملائیشیا: سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو گھر میں نظر بندی کی اجازت، جیل سے منتقلی کا حکم جاری

ملائیشیا کی عدالت نے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو جیل سے گھر منتقل کرکے باقی سزا نظر بندی میں گزارنے کی اجازت دے دی۔ ان کی جماعت کی جانب سے شاہی معافی کی شرط کے تحت 5 کروڑ ملائیشین رنگٹ جرمانہ ادا کرنے کے بعد منتقلی کا حکم جاری کیا گیا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نجیب رزاق کے وکیل فرحان شفیع نے بتایا کہ انہیں عدالتی حکم مل گیا ہے، جسے کاجنگ جیل انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا۔ تمام کارروائی مکمل ہونے پر 73 سالہ سابق وزیراعظم جمعے کو گھر منتقل ہوسکتے ہیں۔

ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم نے ستمبر میں نجیب رزاق کو باقی سزا گھر میں نظر بندی کے دوران گزارنے کی اجازت دی تھی۔ ان کی جماعت یونائیٹڈ ملائیش نیشنل آرگنائزیشن (امنو) نے چندہ مہم کے ذریعے جرمانے کی رقم جمع کی، کیونکہ وکلا کے مطابق ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد ہیں۔

نجیب رزاق 2009 سے 2018 تک وزیراعظم رہے۔ انہیں سرکاری سرمایہ کاری فنڈ ون ایم ڈی بی سے متعلق بدعنوانی کے مقدمے میں سزا ہوئی تھی۔ وہ الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔

گزشتہ سال اسی اسکینڈل کے ایک دوسرے مقدمے میں انہیں 15 سال قید اور 2 ارب 80 کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی، جس کے خلاف اپیل زیرِ سماعت ہے۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles