امریکی تاریخ میں نیا باب: ڈیب ہالینڈ پہلی خاتون ریڈ انڈین گورنر منتخب

امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے دوران ڈیموکریٹ امیدوار ڈیب ہالینڈ نے کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کردی۔ وہ کسی امریکی ریاست کی گورنر منتخب ہونے والی پہلی مقامی امریکی خاتون بن گئی ہیں۔ انہوں نے ریپبلکن حریف گریگ ہل کو شکست دی۔ 65 سالہ ڈیب ہالینڈ کا تعلق لگونا پیوبلو قبیلے سے ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے بدھ کو ووٹوں کی گنتی کے دوران ہی ان کی کامیابی کا اعلان کردیا تھا۔ ڈیب ہالینڈ سابق امریکی صدر جو بائیڈن کے دورِ حکومت میں وزیر داخلہ رہ چکی ہیں۔ وہ امریکا کی تاریخ میں کابینہ کی پہلی مقامی امریکی وزیر بھی تھیں۔ جس ریاست کی وہ گورنر منتخب ہوئی ہیں، وہاں مقامی امریکی باشندوں کی آبادی تقریباً 12 فیصد ہے۔

انتخابی مہم کے دوران ڈیب ہالینڈ نے اپنی زندگی کے مشکلات بھرے حالات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک اکیلی ماں کی حیثیت سے میڈیکیڈ صحت پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم 30 سال کی عمر میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے ماضی میں شراب نوشی کی لت سے اپنی جدوجہد کا بھی کھل کر ذکر کیا۔ رواں سال برطانوی اخبار ’دی گارڈین‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم عمری میں شراب کا غلط استعمال شروع کردیا تھا، تاہم 23 سال کی عمر میں انہیں احساس ہوا کہ وہ نشے سے پاک زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے خود کو بدلنے کے لیے طویل جدوجہد کی۔

ڈیب ہالینڈ اس سے قبل کسی امریکی ریاست کی سیاسی جماعت کی سربراہ منتخب ہونے والی پہلی مقامی امریکی خاتون بھی رہ چکی ہیں۔ 2018 میں وہ اور کنساس سے منتخب رکنِ کانگریس شارائس ڈیوڈز امریکی کانگریس کی پہلی مقامی امریکی خواتین ارکان بنیں۔

امریکی وسط مدتی انتخابات میں اس بار مقامی امریکی امیدواروں کی بھی ریکارڈ تعداد حصہ لے رہی ہے۔ ’آئی سی ٹی‘ اور ’ایڈوانس نیٹو پولیٹیکل لیڈرشپ‘ کے ڈیٹا بیس کے مطابق 30 امریکی ریاستوں میں 225 سے زائد مقامی امریکی امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ان امیدواروں کا تعلق امریکا میں ریاستی یا وفاقی سطح پر تسلیم شدہ تقریباً 100 مقامی اقوام سے ہے، جبکہ بعض امیدوار سرحد پار آباد مقامی برادریوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

تازہ ترین

مزید خبریں :

Popular Articles