
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا رواں سال کے اختتام کے بعد اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ کئی ماہ پہلے معاہدہ طے پا چکا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ واشنگٹن رواں سال کے اختتام کے بعد اسرائیل کو سالانہ 4 ارب ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرنا بند کر دے گا۔
’رائٹرز‘ کے مطابق ٹرمپ نے منگل کو امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کے پروگرام ’فاکس اینڈ فرینڈز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ اس حوالے سے معاہدہ کیا ہے اور دونوں فریق کئی ماہ پہلے اس پر اتفاق کر چکے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اب اس امداد کی ضرورت نہیں رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض ڈیموکریٹک اور بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سیاست دان اسرائیل کے لیے امریکی فنڈنگ کو ریپبلکنز پر تنقید کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ سال کے اختتام تک اسرائیل کو ادائیگی بند کرنے پر اتفاق ہو چکا ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر امریکا اسرائیل کی مدد کرے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیل اور امریکا کے درمیان 2016 میں طے پانے والے 10 سالہ فوجی امدادی معاہدے کے تحت واشنگٹن نے 2018 سے 2028 تک اسرائیل کو 38 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
’ٹائم آف اسرائیل‘ کے مطابق اس معاہدے کے تحت اسرائیل کو سالانہ تقریباً 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد ملتی ہے، جس کا بڑا حصہ امریکی ساختہ اسلحہ اور فوجی سازوسامان کی خریداری کے لیے مختص ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو بھی امریکی فوجی امداد پر انحصار بتدریج ختم کرنے کی خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔ مئی 2026 میں ’سی بی ایس نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وہ اگلی دہائی کے دوران امریکی مالی امداد کو صفر تک لانا چاہتے ہیں اور اس عمل کے لیے ابھی سے اقدامات شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔
امریکی کانگریس میں بھی اسرائیل کو براہِ راست فوجی امداد جاری رکھنے کے معاملے پر بحث سامنے آ چکی ہے۔
جون 2026 میں دو ریپبلکن ارکانِ کانگریس نے امدادی پیکج ختم کرکے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون اور اسلحے کی تجارت کو نئی بنیادوں پر استوار کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ یہ تجویز ایک غیر پابند قرارداد کی صورت میں تھی، جب کہ موجودہ امدادی معاہدہ 2028 میں ختم ہونا ہے۔